پاک افغان سرحدی علاقے میں ڈرون حملہ،حکیم اللہ محسود کا قریبی ساتھی ہلاک

جمعرات 19 مارچ 2015 22:51

پاک افغان سرحدی علاقے میں ڈرون حملہ،حکیم اللہ محسود کا قریبی ساتھی ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) پاک افغان سرحدی علاقے میں امریکی ڈرون حملے میں حکیم اللہ محسود کا قریبی ساتھی ہلاک ہوگیا۔برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاکستان کے دو انٹیلی جنس اہلکاروں نے جمعرات کو قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں پاک افغان سرحدی علاقے میں امریکی ڈرون حملے کی تصدیق کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کالعدم تحریک طالبان نے بھی پاک افغان سرحدی علاقے میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے میں اپنے ایک کمانڈر کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔

طالبان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈرون حملے میں ان کا کمانڈر خاورے محسود ہلاک ہو گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والا کمانڈر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امریکی ڈرون حملے میں ہی ہلاک ہونے والے سربراہ حکیم اللہ محسود کے قریبی ساتھی اور ذاتی محافظ تھا۔

(جاری ہے)

پاکستان اپنے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کئی بار سفارتی سطح پر امریکہ سے احتجاج کر چکا ہے۔

پاکستان کا موقف رہا ہے کہ ڈرون حملے ملکی خودمختاری کے خلاف ہیں اور اس سے شدت پسندی کے خلاف جنگ کو نقصان پہنچتا ہے جبکہ امریکہ ڈرون حملوں کو شدت پسندوں کے خلاف ایک موثر ہتھیار قرار دیتا ہے۔افغانستان نے بھی حالیہ دنوں پاکستان کی سرحد کے قریب شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں شروع کی ہیں۔امریکی ڈرون حملہ ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب افغان طالبان اور افغان حکومت کے درمیان بات چیت شروع ہونے کے بارے میں اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔