یہ دور سائنس اور ٹیکنالوجی کا ہے،شبیر احمد خان،

والدین اور اساتذہ کو چاہئے وہ بچوں کو جدید علوم سے روشناس کرائیں، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی خیبر پختونخوا

جمعرات 19 مارچ 2015 22:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل شبیر احمد خان نے کہا ہے کہ یہ دور سائنس اور ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ والدین اور ساتذہ کو چاہئے کہ وہ بچوں کو ایک طرف جدید علوم سے روشناس کرائیں اور دوسری طرف انہیں دینی علوم بھی پڑھائیں تاکہ مستقبل کے معمار جدید عصری و دینی علوم سے آراستہ ہوں۔ آج کے بچے ہمارا مستقبل ہیں ۔

بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت والدین اور اساتذہ کی ذمہ داری اور فرض ہے۔ہماری مساجد، مدارس اور سکول غیر محفوظ ہیں۔آرمی پبلک سکول میں بے گناہوں کا خون بہایا گیا۔ مشرف کی پالیسی کو ترک کرنے کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی کے صوبائی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے دی اقراء اسلامک پبلک سکول اکبر پورہ ضلع نوشہرہ میں یوم والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے جماعت اسلامی ضلع نوشہرہ کے امیر حاجی انوارالاسلام ، مولانا مسیح گل، سماجی شخصیت حاجی بشیر احمد اور سکول کے پرنسپل مولانا عباداللہ نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں سکول کے بچوں نے نعت، ملی نغمے اورٹیبلوز پیش کئے۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل شبیر احمد خان نے سکول امتحانات میں پوزیشن لینے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

شبیر احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ والدین بچوں کی خصوصی تربیت کا اہتمام کریں۔ انہیں ڈاکٹر ، انجینئر اور سائنسدان بنائیں،انہیں دینی اور عصری تعلیم سے روشناس کریں تاکہ وہ معاشرے کے کارآمد افراد بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بچے ہمارا مستقبل ہیں۔ انہی میں سے قوم کے نمائندے نکلیں گے۔والدین اور اساتذہ ان کی ایسی تربیت کریں کہ یہ قوم کے بہترین لیڈر بن سکیں اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے بچوں کو بے دردی سے شہید کیا گیا۔ ایسا کرنے والے انسان نہیں بلکہ درندے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا لیکن 1947ء سے آج تک اس میں قرآن و سنت کا نظام رائج نہ ہوسکا۔ پرویز مشرف کی غلط پالیسیوں نے ملک کو تباہ وبرباد کردیا ۔ مشرف کی پالیسیوں کو زرداری اور نواز شریف نے بھی جاری رکھا ۔ اس وقت ضرورت ہے کہ ملک کا نظام ایسے لوگوں کے ہاتھ دیا جائے جو اس میں قرآن وسنت کا نظام نافذ کرسکیں اور پاکستان کو امریکہ کی غلامی سے نجات دلاسکیں اور اس ملک کو حقیقی معنوں میں اسلام کا قلعہ بنا سکیں ۔