کراچی، محکمہ تعلیم اور پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کے درمیان ہڑتالوں اور یوم سوگ کے موقع پر شہر میں نجی وسرکاری سکولز بند نہ کرنے پر اتفاق

جمعرات 19 مارچ 2015 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) محکمہ تعلیم اور پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کے درمیان ہڑتالوں اور یوم سوگ کے موقع پر شہر میں نجی وسرکاری اسکولز بند نہ کرنے پر اتفاق کرلیاگیا ۔ نجی اسکولز کی تنظیمیں و انتظامیہ سرکاری پالیسی پر عملدرآمد کی پابند ہونگی۔یہ اتفاق جمعرات کو سینئر وزیرتعلیم نثار احمد کھوڑوکی صدارت میں پر ائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کے رہنماوں کے اجلاس میں کیا گیا ۔

اجلاس میں پر ائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کے رہنماوں خالد شاہ ،شرف الزمان سمیت دیگر رہنماوں اور ڈی جی پرائیویٹ اسکولز منصوب صدیقی نے شرکت کی۔ اس موقع پر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے تحفظ کے لیئے رینجرز ، پولیس اور حکومت ایک پیج پر ہیں اور کسی بھی جماعت کے احتجاج یا ہڑتال کے اعلان پر تعلیمی ادارے بند نہیں کرنا چاہتے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حالات کیسے بھی ہو تدریسی عمل ہر صورت جاری رہنا چاہئیے اور ہڑتال کا اعلان کرنے والوں سے بھی یہ ہی امید کرتے ہیں کہ و ہ بچوں کی تعلیم متاثر نہیں ہونے دینگے ۔انھوں نے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تعلیمی اداروں کے تحفظ کے لیئے کوشاں ہیں اسلیئے یوم سوگ یا ہڑتالوں کے موقع پر نجی و سرکاری اسکولز بند نہیں ہونے چاہیے اور کوئی بھی پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن اسکول بند ہونے کے متعلق بیان نہیں دیگی اور انھیں محکمہ کی پالیسی کا انتظار کرنا پڑیگااور سرکاری پالیسی آنے کے بعد نجی اسکولزونجی اسکولز کی ایسوسی ایشنز اس پر عملدرآمد کی پابند ہونگی ۔

انھوں نے کہا کہ زبردستی اسکولز بند کرانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اس حوالے سے رینجرز وپولیس آن بورڈ ہیں۔

متعلقہ عنوان :