ملک کے آئین کے خلاف ہونے والے کسی بھی کام کو روکنا حکومت کا فرض ہے ‘ سراج الحق ،

کراچی پاکستان کی اقتصادی شہ رگ ہے جب تک کراچی میں حالات ساز گار نہیں ہوتے ملکی معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی، امیر جماعت اسلامی کی وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات ، کراچی سے تربت پہنچنے پر جماعت کے جلسہ عام سے قبل لاپتہ افراد کے احتجاجی کیمپ کا دورہ

جمعرات 19 مارچ 2015 21:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ لاپتہ افراد پاکستان کے آئین اور جمہوریت کے لیے بدنما داغ اور مارشل لاء کا تسلسل ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے تربت کے بلدیہ سرکٹ ہاؤس میں لاپتہ افراد کے لواحقین کے احتجاجی کیمپ میں مظاہرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سراج الحق نے کراچی سے تربت پہنچنے پر جماعت کے جلسہ عام سے قبل لاپتہ افراد کے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا ۔

اس موقع پر سراج الحق نے کہاکہ ملک کے آئین کے خلاف کوئی بھی کام ہورہاہو، تو حکومت کا فرض ہے کہ وہ اسے روکے لاقانونیت کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ انہوں نے کہاکہ لاپتہ افراد کے لواحقین کئی سالوں سے احتجاج کر رہے ہیں مگر انہیں ان کے پیاروں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جارہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ معصوم لوگوں کو اٹھا کر غائب کر دینے والوں کے خلاف قانونی کاروائی ہونی چاہیے ۔

کسی جمہوری معاشرے میں لوگوں کا راتوں رات غائب ہو جانا انتہائی سنگین مسئلہ ہے ۔ حکومت اس مسئلہ سے پہلو تہی کر کے اپنا دامن چھڑانا چاہتی ہے یہ ریاست کے لیے سنگین مسائل کا سبب بن سکتاہے ۔سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی لاپتہ افراد کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی ۔دریں اثنا سراج الحق سے کراچی ایئر پورٹ پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی ملاقات ہوئی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور خاص طور پر کراچی میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے رینجرز کی حالیہ کامیاب کاروائیوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کراچی پاکستان کی اقتصادی شہ رگ ہے جب تک کراچی میں حالات ساز گار نہیں ہوتے ملکی معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی ،انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے سب جماعتیں متفق اور قوم یکسو ہے ،سراج الحق نے اس ضرورت پر زور دیا کہ کراچی آپریشن پر کسی فرد یا جماعت کو اعتراض کا موقع نہیں ملنا چاہئے ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کے دورہ کی بھی دعوت دی ۔