کارکن مسلم لیگ کا عظیم سرمایہ ہیں ،تمام مسائل حل کرکے ان کے گلے شکوے دور کئے جائیں گے،سینیٹراقبال ظفرجھگڑا،

پارٹی کیلئے قربانیاں دینے والے کارکنوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،کبھی مایوس نہیں کرینگے‘مرکزی سیکرٹری جنرل کااجلاس سے خطاب

جمعرات 19 مارچ 2015 21:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور نومنتخب سینیٹر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ کارکن مسلم لیگ کا عظیم سرمایہ ہیں ان کے تمام مسائل حل کرکے ان کے گلے شکوے دور کئے جائیں گے‘ نامساعد حالات میں پارٹی اور قائدین کا ساتھ دینے والے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں‘ آئندہ متوقع بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گے اور صوبہ بھر میں کلین سویپ کریں گے ‘ مسلم لیگی شیروں کے تعاون سے وزیر اعظم میاں نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کرینگے‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا سیکرٹریٹ میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ‘ اجلاس میں صوبائی صدر پیر صابر شاہ ‘ جنرل سیکرٹری رحمت سلام خٹک‘ نومنتخب سینیٹرز جاوید عباسی‘ صلاح الدین ترمذی‘ وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام ‘ ایم این اے عمر ایوب‘ ایم پی ایز اورنگزیب نلوٹھہ ‘ صوبیہ خان‘ رشاد خان ‘ صوبائی سیکرٹری اطلاعات ناصر خان موسیٰ زئی سمیت تمام صوبائی عہدیداروں‘ اضلاع کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے کثیر تعداد میں شرکت کی‘ اجلاس میں آئندہ متوقع بلدیاتی الیکشن میں بھرپور شرکت کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ امور پر بحث کی گئی اور اہم فیصلے کئے گئے ‘اقبال ظفر جھگڑا نے مزید خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کیلئے قربانیاں دینے والے کارکنوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور انہیں کبھی بھی مایوس نہیں کرینگے‘ وزیر اعظم میاں نواز شریف کے ساتھ ملاقات کے دوران تمام کارکنوں کے مسائل ان تک پہنچائے اور وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں کارکنوں کے مسائل حل کئے جائیں گے‘ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں شروع کر دیں اور اپنی تجاویز پیش کریں جن پر غور و خوض کیا جائے گا اور کارکنوں کی مشاورت سے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔