مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کا آئندہ متوقع بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان،

(ن)لیگ کاسولو فلائٹ کی بجائے دیگر سیاسی جماعتوں سے اتحاد کیلئے رابطوں کا بھی فیصلہ ، لیگی شیروں کے مسائل کے حل ،گلے شکوے دور کرنے کیلئے 25 مارچ کو پشاور میں ورکرز کنونشن بھی منعقد کرنے کا فیصلہ

جمعرات 19 مارچ 2015 21:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا نے آئندہ متوقع بلدیاتی الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے سولو فلائٹ کی بجائے دیگر سیاسی جماعتوں سے اتحاد کیلئے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے‘ بلدیاتی الیکشن کیلئے ویلج کونسل کی سطح پر بااختیار کمیٹیاں بنائی جائیں گی جن کی تجاویز کی روشنی میں امیدواروں کی نامزدگی اور بلدیاتی الیکشن کیلئے مہم چلائی جائے گی‘ خیبرپختونخوا کے مسلم لیگی شیروں کے مسائل کے حل اور ان کے گلے شکوے دور کرنے کیلئے 25 مارچ کو پشاور میں ورکرز کنونشن بھی منعقد کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے جس سے وزیر اعظم میاں نواز شریف خود خطاب کرینگے اور کارکنوں سے ملیں گے ‘اس سلسلے میں گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخواسیکرٹریٹ میں ایک اجلاس منعقد ہواجس میں صوبائی صدر پیر صابر شاہ ‘ جنرل سیکرٹری رحمت سلام خٹک‘ نومنتخب سینیٹرز اقبال ظفر جھگڑا ‘ جاوید عباسی‘ صلاح الدین ترمذی‘ وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام ‘ ایم این اے عمر ایوب‘ ایم پی ایز اورنگزیب نلوٹھہ ‘ صوبیہ خان‘ رشاد خان ‘ صوبائی سیکرٹری اطلاعات ناصر خان موسیٰ زئی سمیت تمام صوبائی عہدیداروں‘ اضلاع کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے کثیر تعداد میں شرکت کی‘ اجلاس میں آئندہ متوقع بلدیاتی الیکشن میں بھرپور شرکت کے حوالے سے تمام عہدیداروں نے سیر حاصل گفتگو کی اور مختلف تجاویز پر غور کیا گیا‘ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لیا جائے گا‘ جس کیلئے ویلج کونسل کی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں گی جو 20 سے 30 ممبران پر مشتمل ہونگی اور ان کمیٹیوں میں تمام طبقوں کی نمائندگی ہوگی اور کمیٹیوں کی مشاورت سے امیدوار نامزد کئے جائینگے اس کے علاوہ الیکشن کیلئے مہم بھی کمیٹی کی مشاورت سے چلائی جائیگی‘ کمیٹی مکمل بااختیار ہوگی‘ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا اور اس تاثر کو رد کیا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) بلدیاتی الیکشن میں سولو فلائٹ لے گی بلکہ بلدیاتی الیکشن میں اتحاد کیلئے دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے کئے جائیں گے اور باہمی مشاورت سے تمام امور طے کئے جائیں گے تاکہ کارکن بھی خوشحال رہیں‘ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تمام اضلاع کے صدور و جنرل سیکرٹریز سے تجاویز بھی طلب کی گئی ہیں جن کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا‘اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر پیر صابر شاہ نے خطاب کرتے ہوئے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بلدیاتی الیکشن کیلئے جو سٹریٹجی بنائی گئی ہے اگر اس پر کامیاب ہوئے تو بلدیاتی الیکشن میں کلین سویپ کریں گے ‘ فنڈز گراس روٹ لیول تک جائینگے جس سے عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر ان کی دہلیز پر حل ہونگے‘کارکن پارٹی کا عظیم سرمایہ ہیں ان کے تمام مسائل کے حل کے ساتھ ان کی عزت نفس بحال کی جائے گی‘ انہوں نے کارکنوں کی ناراضگیاں دور کرنے کے حوالے سے وزیر اعظم میاں نواز شریف سے گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف تک تمام کارکنوں کے مطالبات پہنچائے اور وزیر اعظم نے تمام مسائل غور سے سننے کے بعد خیبرپختونخوا کے ورکروں سے خود ملنے کیلئے ورکرز کنونشن کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا جس سے اتفاق کرتے ہوئے 25مارچ کو خیبرپختونخوا کے ورکروں کا کنونشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے وزیر اعظم میاں نواز شریف خود خطاب کرینگے اور کارکنوں سے ملیں گے‘کنونشن میں کارکنوں کی تجاویز پر بھی غور ہوگا‘ اجلاس سے سینیٹر اقبال ظفر جھگڑا‘ مشیر انجینئر امیر مقام اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ ضلع پشاور کے صدر حاجی سردار مہمند کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور ایک مذمتی قرار داد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی ۔