صارفین کو مزیدبہترسہولیات کی فراہمی کویقینی بنانے کے لئے تمام تر توانائیاں صرف کریں،سی ای او کیسکو کی افسران و ملازمین کو ہدایت

جمعرات 19 مارچ 2015 20:38

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء )کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے چیف ایگزیکٹوآفیسرانجینئربلیغ الزمان نے کہاہے کہ فیلڈآپریشن افسران اور ملازمین کمپنی کے صارفین کو مزیدبہترسہولیات کی فراہمی کویقینی بنانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے کمپنی کے ایک کارکردگی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیااجلا س میں چیف انجینئر آپریشن ڈائریکٹررفیق احمد نوناری، ڈائریکٹر جنرل (ایچ آرایڈمن) سید عزیرعلی حسنی کے علاوہ تمام سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرزسمیت تمام دیگرایگزیکٹوانجینئرزبھی شریک تھے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹوبلیغ الزمان نے کہاکہ نادہندہ صارفین کے کنکشن منقطع کرکے اُن کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ بھرتی جائے اوران سے مکمل رقوم کی وصولی کے بغیرانکے کنکشن دوبارہ نہ لگائے جائیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ جن زرعی کنکشنزپر میڑنصب نہیں وہاں میٹروں کی تنصیب کے عمل کو یقینی بنائیں اجلاس میں کیسکوچیف نے تمام افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ریکوری پلان پرعمل کریں اورسرکل کی سطح پرکارکردگی سے متعلق جامع رپورٹ روزانہ کی بنیادپر پیش کریں۔ انجینئر بلیغ الزمان نے کہاکہ لائن لاسز میں کمی لانے سے نہ صرف صارفین کواضافی لوڈشیڈنگ سے نجات مل سکتی ہے بلکہ کمپنی کے لئے بھی زیادہ ریونیواکٹھا کیاجاسکتاہے۔انھوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بجلی چوری کی روک تھام کے لئے بھی تمام ممکنہ اقدامات اُٹھائے جائیں۔قبل ازیں چیف ایگزیکٹو کو تمام آپریشن سرکلزکے سپرنٹنڈنگ انجینئرزاورایکسئین نے اپنے متعلقہ سرکل اورڈویژن کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔