وزیراعظم بہت جلد کم لاگت ہاؤسنگ سکیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اکرم خان درانی

جمعرات 19 مارچ 2015 20:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف بہت جلد کم لاگت ہاؤسنگ سکیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ کم لاگت ہاؤسنگ سکیم کے بارے میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کم آمدنی والے لوگوں کے لیے پانچ لاکھ مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔

جو لوگوں کو آسان ماہانہ اقساط پر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے درخواست کی جائے گی کہ وہ کسی ایک یا دو جگہ ایسی ہاؤسنگ سکیم کا سنگ بنیاد رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں میں کم لاگت ہاؤسنگ سکیم کے لئے زمین کی نشان دہی ہو چکی ہے اور وزیراعطم کی طرف سے پانچ سوملین روپے منظور ہوتے ہی اس پر کام کا آغاز کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیرموصوف نے کہا کہ شہروں میں فلیٹ جبکہ دیہاتوں میں مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فلیٹ مکانات ایسی جگہ تعمیر کئے جائیں گے جہاں زندگی کی تمام سہولیات میسر ہوں۔وزیر موصوف نے اجلاس میں بعض ممبر کی عدم موجودگی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ آئندہ کوئی ممبر اجلاس سے غیر حاضر پایا گیا تو اس کی ممبر شپ کینسل کردی جائے گی اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس شاہ رخ ارباب متروکہ وقف املاک کے چیئرمین صدیق الفاروق سیکرٹری ہاؤسنگ خیبر پختونخواہ انجینئر زاہد عارف اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی

متعلقہ عنوان :