ہیڈ کوارٹر فرنٹیئر کور بلو چستان میں سادہ اور پُر وقار تقریب کا انعقاد،

بلو چستان ہائیکنگ اینڈماؤنٹرنگ ایسو سی ایشن کی حوصلہ افزائی کیلئے اسکے سربراہ کو خطیر رقم انعام دی گئی

جمعرات 19 مارچ 2015 19:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) ڈی آئی جی ایف سی بریگیڈئر طاہر محمو د نے ہیڈ کوارٹر فرنٹیئر کور بلو چستان میں ایک سادہ اور پُر وقار تقریب کے دوران بلو چستان ہائیکنگ اینڈماؤنٹرنگ ایسو سی ایشن کی حوصلہ افزائی کیلئے تنظیم کے سربراہ کو خطیر رقم کا چیک بطورانعام دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ایف سی بریگیڈیئر طاہر محمود نے ہیڈکوارٹر فرنٹیئر کورمیں ایک سادہ اور پر وقار تقریب میں بلوچستان ہائیکنگ اینڈ ماؤنٹیئرنگ ایسوسی ایشن کے سربراہ سینئر کوہ پیماہ شرافت حسین کو ان کے کلب کو فعال رکھنے کیلئے خطیر رقم کا چیک بطور انعام دیا۔

اُنہو ں نے اس موقع پر 23مارچ کی مناسبت سے کوہ تین شاخ پر قومی پرچم لہرانے کیلئے سبز ہلالی پرچم بھی حوالے کیا جو ایسو سی ایشن کی 25رکنی ٹیم 22مارچ کو بلو چستان کی سب سے بُلند چوٹی پر لہرائے گا ۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی ایف سی بریگیڈیئر طاہر محمود نے بلوچستان ہائیکنگ اینڈماؤنٹرنگ کے کوہ پیما ؤ ں کے حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن کے کوہ پیماؤں نے ہر قومی تہوارپرپاکستان کی بلندچوٹیوں پرقومی سبز ہلالی پرچم لہرا کر ثابت کردیاہے کہ بلوچستان کی نوجوان نسل کسی سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ فرنٹیئر کور بلو چستا ن کی ہر ممکن کوشش ہے کہ صوبے میں امن کی بحالی کے ساتھ ساتھ تعلیم اور کھیلو ں کی فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے تاکہ صوبے کی حالات بہتر بنانے میں مدد حاصل ہو سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان ہائیکنگ اینڈماؤنٹرنگ ایسوسی ایشن کوہ پیمائی مہم کو جاری رکھتے ہو ئے صوبے کی نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیو ں کی جانب راغب کرے گی ۔