وائس چانسلر اوپن یونیورسٹی کاسنٹرل لائبریری بہاول پور کا دورہ ، یونیورسٹی کے ریسورس سنٹر کا افتتاح کیا

جمعرات 19 مارچ 2015 19:15

بہاولپور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء)وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے گذشتہ روز سنٹرل لائبریری بہاول پور کا دورہ کیا اور لائبریری میں قائم کئے جانے والے یونیورسٹی کے ریسورس سنٹر کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ شہر کے وسط میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا ریسورس سنٹر طلباوطالبات کے لئے انتہائی کارآمد ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سنٹرل لائبریری بہاول پور میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریسورس سنٹر کا قیام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ لائبریری اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے باہمی تعلقات انتہائی خوشگوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی لائبریری کو ٹیکسٹ بکس اور دیگر مطالعاتی مواد کی فراہمی میں بھی مدد دے گی اور سنٹرل لائبریری میں قائم ہونے والے ریسورس سنٹر کو ایک مثالی سنٹر بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ریجنل سروسز ڈاکٹر اے نعیم خان نے کہا کہ فاصلاتی تعلیم اور سب کے لئے تعلیم کے مقصد کے حصول میں سنٹرل لائبریری میں قائم ہونے والا ریسورس سنٹر ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریسورس سنٹر یونیورسٹی کے طلبا کو مطالعاتی مواد کی فراہمی میں معاون و مددگار ثابت ہو گا اور طلبا لائبریری کی جنرل سروسز سے بھی مستفید ہو سکیں گے۔

آخر میں چیف لائبریرین سنٹرل لائبریری بہاول پور رانا جاوید اقبال نے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد صدیقی ، ریجنل سروسز ڈاکٹر اے نعیم خان اور ریجنل ڈائریکٹر خواجہ صابر حسین کی قومی وعلاقائی سطح پر تعلیمی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ریسورس سنٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل کیمپس کے لئے دست راست ثابت ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنٹرل لائبریری اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل کیمپس کے تعلیمی تعلقات و باہمی تعاون ہمیشہ انتہائی مثالی رہے ہیں۔ تقریب میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے طلبا، ٹیوٹرز اور سنٹرل لائبریری کے اسٹاف نے بھرپور شرکت کی۔