الیکشن کمیشن یکطرفہ حلقہ بندیوں کی پیش بندی کا فول پروف انتظام کرے‘منظورا حمد وٹو،

پارٹی کی ضلعی اور تحصیل کی قیادت مقامی حکومتوں کے انتخابات کیلئے بہترین امیدوار کے انتخاب کیلئے پارٹی قیادت کی معاونت کریں

جمعرات 19 مارچ 2015 18:51

ہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء ) میاں منظور احمد وٹو، صدر پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب نے کہا ہے کہ وہ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایات جاری کررہے ہیں کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اِس سال ستمبر میں ہونیوالے مقامی حکومتوں کے انتخابات کی تیاری کریں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ ایسی حلقہ بندیوں کو مکمل نہ ہونے دیں جو قانون اور ضابطے کے بھی خلاف ہوں اور پیپلز پارٹی کے متوقع امیدواروں کی انتخابی کامیابی کے راستے میں رکاوٹ ثابت ہوں۔

انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی حکومت پچھلے 9 سالوں سے مقامی حکومتوں کے انتخابات ہیلے بہانوں سے ملتوی کرتی رہی ہے اور اسطرح وہ آئینی مقاصد کی تکمیل میں مداخلت کی مرتکب ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کے بغیر لوگوں کی تکالیف میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے کیونکہ مقامی سطح پر اُنکی شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے کوئی اور فورم موجود نہیں رہا۔

صدر پیپلز پارٹی کی ہدایات میں یہ بھی بتایا گیا کہ پارٹی عہدیدار حلقہ بندیوں کے عمل میں پٹوار سرکل اور یونین کونسل کی بے جا توڑ پھوڑ مخالفین کو فائدہ پہنچانے کے لیے نہ ہونے دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں کے عمل میں لوگوں کی خواہشات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے تا کہ مقامی حکومتوں کا نظام لوگوں کی بہتر سے بہتر خدمت کر سکے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے بھی کہا کہ وہ یکطرفہ حلقہ بندیوں کی پیش بندی کا فول پروف انتظام کرے۔

انہوں نے ایم این اے اور ایم پی اے پارٹی ٹکٹ ہولڈرز سے بھی کہا کہ وہ مقامی الیکشن کمیشن کے افسران سے فورًا رابطہ کریں اور حلقہ بندیوں کے ضمن میں اپنی تجاویز بھی پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی ضلعی اور تحصیل کی قیادت مقامی حکومتوں کے انتخابات کے لیے بہترین امیدوار کے انتخاب کے لیے پارٹی قیادت کی معاونت کریں۔ انہوں نے پارٹی کے کارکنوں اور مقامی عہدیداروں سے کہا کہ وہ اپنے عوامی رابطے اور تیز کردیں اور پارٹی کے منشور سے لوگوں کو روشناس کرائیں۔

متعلقہ عنوان :