صوبائی زکوة کونسل نے تعلیمی ودینی وظائف کی مد میں 5 کروڑ39 لاکھ روپے کے اجراء کی منظوری دے دی،

صوبے کے 13 اضلاع کے 115 تعلیمی اداروں کے 5032 مستحق طلبا کے لئے 2 کروڑ85 لاکھ روپے جاری، پی وی ٹی سی میں زیر تربیت طلبا وطالبات کا وظیفہ3000 روپے کر دیا گیا،ادائیگی برانچ لیس بینکنگ کے ذریعے کی جائے گی چیئرمین صوبائی زکوة کونسل جسٹس(ر) اختر حسن کی زیر صدارت کونسل کے 156 ویں اجلاس میں فیصلے

جمعرات 19 مارچ 2015 18:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء ) صوبائی زکوة کونسل نے تعلیمی وظائف جنرل اورتعلیمی وظائف برائے دینی مدارس کی مد میں 5 کروڑ 39 لاکھ 5 ہزار روپے کے اجراء کی منظوری دے دی ہے۔اس امر کا فیصلہ یہاں چیئرمین صوبائی زکوة کونسل جسٹس (ر) اختر حسن کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیاجس میں سیکرٹری زکوٰةوعشر حبیب الرحمن گیلانی ،ایڈمنسٹریٹر زکوٰة پنجاب محمد یوسف بٹ اور کونسل کے ممبران حافظ زبیر احمد ظہیر ، مولانا راغب حسین نعیمی، محمد اظہر فاروقی،سعید احمد انصاری، محترمہ تنویر کوثر، عامر شہزاد، سیکشن آفیسر، نمائندہ سیکرٹری خزانہ حکومت پنجاب،محمد شبیربھٹی ڈپٹی سیکرٹری، نمائندہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ حکومت پنجاب اور محمد نصر اللہ خان ،سیکشن آفیسر، نمائندہ سیکرٹری سوشل ویلفیئر حکومت پنجاب نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کونسل نے پنجاب کے13اضلاع کے115تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم 5032طلباء وطالبات کے لیے 2کروڑ85لاکھ09ہزار472روپے اور8اضلاع کے69 دینی مدارس میں زیر تعلیم7274 مستحق طلباء وطالبات کے لیے 2کروڑ53لاکھ96ہزار67روپے جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔ کونسل نے تین اضلاع ملتان،جھنگ اور وہاڑی کی ضلع زکوٰة کمیٹیوں میں عامرسعید انصاری، محترمہ عابدہ بشیر اورسید آغاز حسین شاہ کی بطور چیئرمین نامزدگی اور26 اضلاع میں ضلع زکوٰة کمیٹیوں کے ممبران کی نامزدگی کی منظوری دی ۔

کونسل نیپنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے زیر انتظام فنی تربیتی ادارہ جات میں زیر تربیت مستحق طلباء وطالبات کو تعلیمی وظائف کی ادائیگی برانچ لیس( Branchless Banking )کے ذریعے کرنے کی منظوری دیتے ہوئے ان کے ماہانہ وظیفہ کو 2500/-روپے سے بڑھا کر 3000/-روپے کر دیا ہے۔ کونسل نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ فنی تربیتی ادارہ جات سے فارغ التحصیل مستحق طلباء وطالبات کو ذاتی کاروبار شروع کرنے کے لیے مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ معاشرے کا کارآمد حصہ بن کر زکوٰة لینے کی بجائے زکوٰة ادا کرنے والے(صاحب نصاب) بن جائیں۔