میٹرو بس منصوبے کی وجہ سے پشاور موڑ مارکیٹ کے تاجروں کا کاروبار بہت متاثر ہو رہا ہے، منصوبہ جلد مکمل کیا جائے، مزمل صابری

جمعرات 19 مارچ 2015 17:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی نائن فور ، اسلام آباد کے ایک وفد نے ایسوسی ایشن کے صدر حاجی نثار لنگا کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور علاقے کے تاجروں کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس منصوبے کی وجہ سے پشاور موڑ مارکیٹ کے راستے چاروں طرف سے بند ہیں جس وجہ سے کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ میٹرو بس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کریں تا کہ پشاور موڑ مارکیٹ کے تاجر وں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے کہا کہ پشاور موڑ مارکیٹ اسلام آباد کی دوسری قدیم مارکیٹ ہے لہذا سی ڈی اے اس کی ترقی پر خصوصی توجہ دے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے سی ڈی اے، ایف بی آر، سوئی گیس محکمہ ، مقامی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ بہتر روابط استوار کر رکھے ہیں لہذا مارکیٹ یونینز چیمبر کو اپنے مسائل سے آگاہ کریں تا کہ ان کے حل کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ بات چیت کی جائے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام مارکیٹ یونینزچیمبر کے ساتھ قریبی روابط قائم کر کے اس کے ہاتھ مضبوط کریں کیونکہ مشترکہ کوششوں سے تاجر برادری کے مسائل کو بہتر انداز میں حل کرایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ چیمبر تاجر برادری کے تمام اہم مسائل کے حل کیلئے مارکیٹ یونینز کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا تا کہ تاجروصنعتکار سازگار ماحول میں کاروبار کو فروغ دے سکیں۔فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین عبدالرؤف عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد کے تاجروں و صنعتکاروں کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے لہذا وقت کا تقاضا ہے کہ تاجر برادری اپنی صفوں میں مضبود اتحاد قائم کرے اور ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو جائے کیونکہ اتحاد و یکجہتی سے ہی مسائل کو بہتر انداز میں حل کرایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کرمشترکہ کوشش کرے جس سے ان کے مفادات کا بہتر تحفظ ہو گا۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جی نائن فور مارکیٹ کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی نثار لنگا نے کہا کہ میٹرو بس منصوبے پر جاری کام کی وجہ سے پشاور موڑ کی سڑکیں چاروں طرف سے بند ہیں جس وجہ سے گاہکوں کا مارکیٹ تک پہنچنا دشوار ہو رہا ہے اور کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

انہو ں نے مطالبہ کیا کہ پشاور موڑ مارکیٹ کے تاجروں کو مزید نقصان سے بچانے کیلئے میٹرو بس منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پشاور موڑ مارکیٹ کی سڑکیں اور فٹ پاتھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ سیوریج لائنز بند ہونے کی وجہ سے علاقے میں گندگی پھیل رہی ہے لہذا سی ڈی اے ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے پشاور موڑ میں ایک 36سالہ پرانی مسجد کو گرانے کا منصوبہ بنا رہی ہے جو افسوسناک ہے کیونکہ مذکورہ مسجد علاقے کے تاجروں و رہائشیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بنائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے پشاور موڑ مارکیٹ کو جدید خطوط پر ترقی دینے کی کوشش کرے کیونکہ یہ مارکیٹ عوام کی ایک بڑی تعداد کی ضروریات پوری کر رہی ہے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر میاں اکرم فرید ، تاجر رہنما اجمل بلوچ اور جی نائن فور ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر تہذیب نے بھی اجلاس سے خطاب کیا اور اجاگر کردہ مسائل کو جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ نے اختتامی کلمات میں ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی نائن فور کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ چیمبر ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ خالد اقبال ملک، میاں شوکت مسعود، ملک سہیل حسین، طاہر عباسی ، خالد چوہدری اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :