اداروں پر الزام تراشی نہیں ہونی چاہیے ،ایم کیو ایم کو اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے ‘ قمر زمان کائرہ

جمعرات 19 مارچ 2015 17:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اداروں پر الزام تراشی نہیں ہونی چاہیے ،ایم کیو ایم کو بھی اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے ، جس جگہ جرم ہو رہا ہو اس جگہ ریڈ کرنے کے لئے اجازت کی ضرورت نہیں ،رینجرز کی کارکردگی قابل فخر ہے مگر اس کو کریڈٹ نہیں دیا جاتا ، پیپلز پارٹی نے حکومت نہیں نظام کو سپورٹ کیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ سندھ حکومت میں ایم کیو ایم کا شامل ہونا حیرت کی بات نہیں ، پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کو ایک حقیقت مانتی ہے اور سینیٹ انتخابات میں بھی ہم نے اکٹھے فیصلے کیے ، صولت مرزا نے جو الزامات لگائے ہیں جب تک اس کی انکوائری اورعدالتی فیصلہ نہیں آجاتا اس پر بات کرنا قبل از وقت ہے ۔

(جاری ہے)

کراچی میں آپریشن ایم کیو ایم کی خواہش پر ہو رہا ہے تاہم ایم کیو ایم کو اپنے گھر پر نظر رکھنا ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں بھی آپریشن ہوا تھا ، آج بھی پیپلز پارٹی کے گڑھ لیاری میں آپریشن ہو رہا ہے جس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید احمد بادشاہ آدمی ہیں وہ جو جی میں آئے کہہ دیتے ہیں وہ تو پچھلے دنوں فوج کے ترجمان بننے کی بھی کوشش کر رہے تھے ۔

قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ اداروں پر الزام تراشی نہیں ہونی چاہیے ۔ رینجرز کی کارکردگی قابل فخر ہے مگر اس کو کریڈٹ نہیں دیا جاتا ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن کے لئے کمیٹی کی میٹنگ ہوئی تھی جس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو کپتان مقرر کیا گیا تھا ۔پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مذہبی انتہائی پسندی کی مذمت کی ہے اور آج بھی کرتی ہے ۔ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں ، پیپلز پارٹی نے حکومت نہیں نظام کو سپورٹ کیا ہے ۔کل بھی ہم نے سر کٹوایا تھا اور اگر وقت آیا تو پھر ہم سر کٹوائیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جس جگہ جرم ہو رہا ہو اس جگہ ریڈ کرنے کے لئے اجازت کی ضرورت نہیں ، تاہم پنجاب میں کسی جگہ پولیس نے چھاپہ مارنے ہو تو وہ وزیر اعلیٰ سے اجازت لیتے ہیں ۔