نیتن یاھو کی کامیابی،انتہا پسندی، یہودی آباد کاری کی جیت ہے، ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق

جمعرات 19 مارچ 2015 16:15

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے اسرائیلی پارلیمنٹ کے انتخابات میں وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کی جماعت لیکوڈ کی بھاری اکثریت سے جیت کو فلسطین میں یہودی آباد کاری، اسرائیلی انتہاء پسندی اور توسیع پسندی کی جیت قرار دیا ہے۔ایک بیان میں ڈاکٹر ابو مرزوق نے کہا کہ اسرائیل کی کسی بھی سیاسی جماعت سے خیر کی توقع نہیں کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

تمام سیاسی گروپ عرب شہریوں اور فلسطینیوں سے نفرت کی بنیاد پر ایک دوسرے پر سبقت لے رہے ہیں جو لوگ اسرائیلی سیاست میں تبدیلی کی توقع رکھتے ہیں۔ حالیہ انتخابی نتائج ان کی آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہیں۔ڈاکٹر ابو مرزوق نے فلسطینی اتھارٹی پر زور دیا کہ وہ اسرائیل سے مذاکرات کی موھوم امیدیں لگانے کے بجائے قوم کی از سرنو صف بندی کریں اور قوم کو ساتھ ملا کر اپنے حقوق کیلئے عالمی سطح پر موثر مہم چلائیں تاکہ عالمی برادری کے تعاون سے اسرائیل اور امریکا پر دباؤ ڈالا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی اسرائیل سے سیکیورٹی تعاون فوری طورپر ختم کرے کیونکہ اسرائیل نے ایک دن بھی فلسطینیوں سے کیے گئے معاہدوں کی پاسداری نہیں کی ہے۔

متعلقہ عنوان :