خالد مشعل نے اخوان اور سعودی عرب میں مفاہمت کیلئے ثالثی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیدیا

ذرائع ابلاغ مسلسل افواہیں پھیلا رہا ہے، خبر شائع کرنے سے قبل تصدیق کرانا بہتر ہے ، بیان

جمعرات 19 مارچ 2015 16:15

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اسلامی تحریک کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کے دفتر کی جانب سے میڈیا میں آنیوالی ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیاگیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ مشعل سعودی عرب اور یمن کی اخوان المسلمون کے درمیان مفاہمت کیلئے ثالثی کی کوشش کررہے ہیں۔خالد مشعل کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں اس بات پر حیرت ہوتی ہے کہ ذرائع ابلاغ مسلسل افواہیں کیوں پھیلا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل حماس کی جانب سے بھی اسی نوعیت کی خبروں کی سختی سے تردید کی جا چکی ہے۔ اس کے باوجود ذرائع ابلاغ یہ خبریں شائع کررہے ہیں کہ خالد مشعل سعودی عرب کی حکومت اور یمن کی اخوان المسلمون کی نمائندہ سماجو و اصلاح پارٹی کے درمیان مفاہمت کیلئے ثالثی کررہے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بہتر ہے کہ کوئی خبر شائع کرنے سے قبل متعلقہ ادارے یا جماعت سے اس کی تصدیق کرالی جائے تاکہ بعد میں اس پر مثبت یامنفی ردعمل کی ضرورت نہ رہے۔دوسری جانب سعودی عرب کی حکومت نے بھی خالد مشعل کے ذریعے یمنی اخوان المسلمون کے ساتھ مفاہمت سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :