فتح کی صف اول کی قیادت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ، نوجوانوں کو شامل کیا جائیگا، رپورٹ

جمعرات 19 مارچ 2015 16:15

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) فتح میں اختلافات شدت اختیار کرنے کے بعد غزہ کی پٹی میں پارٹی کی صف اول کی قیادت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صدر محمود عباس جلدہی غزہ میں پارٹی کی نئی قیادت کا اعلان کریں گے۔فلسطینی اخبارکی رپورٹ کے مطابق پچھلے ایک ماہ سے غزہ کی پٹی کی پارٹی قیادت میں تبدیلیوں پر غور کیا جا رہا تھا۔

اب صدر محمود عباس نے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی مشاورت کے بعد غزہ کی پٹی میں پارٹی قیادت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔اخبار کے مطابق غزہ کی پٹی میں فتح میں دھڑے بندی بالخصوص باغی لیڈر محمد دحلان کی جانب سے اپنا الگ گروپ تشکیل دیئے جانے کے بعد پارٹی کی قیادت میں تبدیلی کی اشدت ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔

(جاری ہے)

اختلافات کی وجہ سے غزہ اور دوسرے شہروں میں موجود پارٹی کے اندر قیادت کے چناؤ کے حوالے سے انتخابات کا عمل بھی تعطل کا شکار تھا۔

ذرائع کے مطابق غزہ کی پٹی قیادت کے امور کی نگرانی کرنیوالی کمیٹی نے نئی پارٹی قیادت کے ناموں کو حتمی شکل دیدی ہے۔ اگلے ایک دو روز میں پارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں مجوزہ ناموں کی فہرست پیش کی جائیگی جسے صدر محمود عباس کی جانب سے منظوری کے بعد میڈیا کو جاری کیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق غزہ کی پارٹی قیادت کیلئے مجوزہ چہروں میں نوجوانوں کی تعداد زیادہ شامل کی جا رہی ہے۔

ماضی میں بڑی عمر کے رہنماؤں کو مختلف پارٹی عہدے سونپے جاتے رہے ہیں لیکن اب زیادہ تعداد نوجوانوں کی شامل کی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق اب پارٹی قیادت کا فیصلہ صدر محمود عباس اور پانچ رکنی سنٹرل کمیٹی کے ہاتھ میں ہے جو اگلے ایک ماہ کے اندر اندر پارٹی کو تبدیل کردینگے۔ ذرائع کے مطابق غزہ کی پٹی میں فتح کی صف اول کی قیادت کیلئے 16 نام تجویز کئے گئے ہیں۔ ان میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ نئی فہرست میں تین سابق نام شامل ہیں جبکہ 13 نئے چہرے شامل کئے گئے ہیں۔