وفاقی وزارتیں اپنی ساکھ کا خیال کریں‘ایم این ایز کے سوالوں کے جوابات جلد بھجوائیں، ایک سوال دوسری مرتبہ موخر نہیں ہو گا

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی رولنگ

جمعرات 19 مارچ 2015 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ وفاقی وزارتوں کو چاہیے کہ اپنی ساکھ کا خیال کرتے ہوئے ایم این ایز کے سوالوں کے جوابات جلد بھجوائیں، ایک سوال دوسری مرتبہ موخر نہیں ہو گا۔ وہ جمعرات کو یہاں پیپلز پارٹی کے نواب یوسف تالپور کے نکتہ اعتراض کا جواب دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

ممبر قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور نے جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں (وقفہ سوالات) کے دوران نکتہ اعتراض پر کہا کہ جناب سپیکر فہرست میں دیئے گئے زیادہ سوالات کے جوابات وزارتوں کی جانب موصول ہی نہیں ہوئے ، کیا اس صورت میں قومی اسمبلی کا اجلاس چلایا جا سکتا ہے۔

اس پر سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ میں پہلے ہی تمام وفاقی وزارتوں کو ارکان قومی اسمبلی یک جانب سے بھجوائے گئے سوالات کے جواب بروقت جمع کرانے کی ہدایت کر چکا ہوں۔ وفاقی وزارتوں کو چاہیے کہ اپنی ساکھ کا خیال کرتے ہوئے جلد از جلد سوالوں کے جوابات جمع کرائیں جبکہ وزارتوں کو خبردار کرتا ہوں کہ آئندہ ایک سوال دوسری مرتبہ موخر نہیں ہو گا۔