وزیر اعظم سے بیت المال کا سالانہ بجٹ 2 ارب سے 8ارب کرنے کی گزارش کی ہے ‘بجٹ کی کمی کی وجہ سے نادرا مریضوں اور طلباء و طالبات کے متعدد کیسز التواء میں پڑے ہیں‘ فاٹا میں جلد ہی بیت المال کا دفتر قائم کرینگے

وزیر مملکت پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کاجے یو آئی(ف)کے مولانا گوہر شاہ کے توجہ دلاؤ نوٹس پرجواب

جمعرات 19 مارچ 2015 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف سے پاکستان بیت المال کا سالانہ بجٹ دو ارب روپے سے بڑھا کر 8ارب روپے کرنذے کی گزارش کی ہے کیونکہ بجٹ کی کمی کی وجہ سے نادرا مریضوں اور طلباء و طالبات کے متعدد کیسز التواء میں پڑے ہیں، فاٹا میں جلد ہی بیت المال کا دفتر قائم کریں گے۔

قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان بیت المال بہت اچھا کام کر رہا ہے، یتیموں کی مدد کر رہا ہے، حکومت کو چاہیے کہ جس حد تک ممکن ہو اس کے بجث میں اضافہ کرے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت کو ہدایت کی کہ ایوان کا متفقہ مطالبہ ہے کہ پاکستان بیت المال کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔ جمعرات کو وزیر مملکت پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے جے یو آئی(ف)کے مولانا گوہر شاہ کے توجہ دلاؤ نوٹس پر کہا کہ یہ ایک اہم توجہ دلاؤ نوٹس ہے، اس پر کوئی شک نہیں کہ اس وقت پاکستان بیت المال کا انتہائی اہم کردار ہے جو سیلاب میں ،تھر میں خشک سالی اور آئی ڈی پیز میں بھی کام کر رہا ہوتا ہے، پاکستان بیت المال نے خطرناک بیماریوں کے علاج کیلئے غریبوں کیلئے ون ونڈو شروع کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں دو ارب روپے مختص کئے گئے جبکہ ایک ارب روپے توانائی کی تنخواہ میں چلا جاتا ہے، وزیر اعظم نواز شریف سے بھی گزارش کی تھی کہ بیت المال کا بجٹ بڑھا کر 8ارب روپے کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 20کروڑ کی آبادی والے ملک میں پاکستان بیت المال کیلئے دو ارب روپے مونگ پھلی کے دانے کے برابر ہیں، مریضوں اور طلباء و طالبات کے بہت سارے کیسز لئے ہوئے ہیں جن کیلئے فنڈز موجودنہیں۔

اسپر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاکہ پورے ایوان کی یہی رائے ہے کہ پاکستان بیت المال کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے۔فاٹا کے ایم این اے محمد جمال الدین کے سوال پر وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ بجٹ بڑھنے کے ساتھ جلد ہی فاٹا میں بھی پاکستان بیت المال کا دفتر قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے قاری محمد یوسف( ایم این اے) کے سوال پر کہا کہ پاکستان بیت المال کی صوبائی تخصیص کے بغیر تمام نادار لوگوں کی مدد کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نوازشریف پاکستان کو معاشی قوت بنانا چاہتے ہیں جبکہ یہ اس صورت میں ممکن ہے کہ نادار لوگوں کی مدد کی جائے۔ اس پر قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان بیت المال کے بجٹ میں اضافہ کی تجویز خوش آئند ہے ، اس بھی اس کا مطالبہ کرتا ہوں کہ بجٹ میں اس کیلئے زیادہ فنڈز مختص کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال یتیموں کی بھی مدد کر رہا ہے، لہٰذا حکومت اس کے بجٹ میں جس حد تک اضافہ کر سکتی ہے بالکل کرے۔

متعلقہ عنوان :