صولت مرزا کے بیان سے ہمارے کارکنوں کا ذہن تبدیل نہیں کیا جا سکتا ‘ الطاف حسین

جمعرات 19 مارچ 2015 13:03

لندن/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین نے کہاہے کہ صولت مرزا کے بیان سے ہمارے کارکنوں کا ذہن تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ ہمارے کارکنوں نے صعوبتیں برداشت کیں ہیں اور جانوں کا نذرانہ دیا ہے انہوں نے کہاکہ صولت مرزا کابیان بعض اداروں نیریلیز کیا ہے اور بنا ثبوت مجھ پراورایم کیوایم پرالزامات نہیں لگائے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے صولت مرزا کی جانب سے دیئے گئے بیان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کا بیان ایم کیوایم خلاف سازشی منصوبے کا حصہ ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ صولت مرزا نے جو کچھ کہا وہ سب جھوٹ ہے، میں ان سے کبھی نہیں ملا جب کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی سزا یافتہ قیدی کی ویڈیو جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ سب ایک منصوبے کے تحت ہورہا ہے اس طرح کا بیان ایم کیوایم کے خلاف سازشی منصوبے کا حصہ اور اسے دنیا بھر میں بدنام کرنے کی سازش ہے۔الطاف حسین نے کہاکہ میں کسی قسم کے ٹرائل سے کبھی نہیں گھبراتا تاہم پاکستان آنے کا فیصلہ قانونی و آئینی ماہرین کریں گے۔