نریندر مودی اسلام آباد میں سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت کے موقع پر نواز شریف سے کشمیر سمیت تمام دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے مذاکراتی عمل شروع کرنے پر بات چیت کریں گے

جمعرات 19 مارچ 2015 12:22

نئی دہلی/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی اگلے سال کے آغاز پر اسلام آباد میں منعقد ہونی والی سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت کے موقع پر پاکستانی ہم منصب کے ساتھ کشمیر سمیت تمام دیرینہ تنازعات کے حل کیلیے مذاکراتی عمل شروع کرنے پر بھی بات چیت کریں گے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق حال ہی میں پاکستان کا دورہ کرنے والے بھارتی خارجہ سیکریٹری نے وزیراعظم مودی کا وزیراعظم نواز شریف کو خط پہنچایا جس میں نہ صرف سارک کانفرنس میں شرکت کی تصدیق کی گئی بلکہ یہ بھی بتایا گیا کہ بھارتی وزیراعظم پاکستانی ہم منصب کے ساتھ مذاکرات بھی کریں گے۔

یہ بات وزیراعظم ہاؤس کے ذرائع نے وزیراعظم مودی کے خط کے مندرجات کا حوالہ دیتے ہوئے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتائی ہے۔ ان ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم مودی کا خط بھارتی موقف میں تبدیلی کا عکاس ہے، بھارت نے گزشتہ برس پاکستانی حکام کی مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت کے ساتھ ملاقات پر ناراض ہونے کا بہانہ بنا کر سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات ملتوی کر دیے تھے۔