انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی نے ہر پولنگ اسٹیشن کا فارم 14جاری کرنا لازمی قرار دیدیا ، نادرا حکام کو دو لاکھ بلاک شناختی کارڈز پر جلدحتمی فیصلہ کرنے کی سفارش ، الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بائیومیٹرک کے معاملے پر حتمی سفاشات کے لئے دوہفتوں کی مہلت مانگ لی

بدھ 18 مارچ 2015 21:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مارچ۔2015ء) انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی نے ہر پولنگ اسٹیشن کا فارم 14جاری کرنا لازمی قرار دیتے ہوئے بائیومیٹرک اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر حتمی سفارشات کے لئے چھ مہینے کی مہلت کی درخواست مسترد کردی اور دوہفتوں میں الیکشن کمیشن سے حتمی سفارشات طلب کرلیں جبکہ نادرا حکام کو دو لاکھ بلاک شناختی کارڈز پر جلدحتمی فیصلہ کرنے کی سفارش کردی ، الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بائیومیٹرک کے معاملے پر حتمی سفاشات کے لئے دوہفتوں کی مہلت مانگ لی ۔

بدھ کو پارلیمنٹ کی انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس زاہد حامد کی زیر صدارت ہوا جس میں عوامی نمائندگی ایکٹ 1976کا جائزہ لیا گیا اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے زاہد حامدنے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہر پولنگ اسٹیشن کیلئے فارم 14جاری کرنا لازمی ہوگا پریزائیڈنگ افسر کے لئے فارم 14پر ہر پولنگ ایجنٹ کے دستخط کرنا بھی لازمی ہوگا جبکہ فارم 14جاری نہ کرنے والاپریزائیڈنگ افسر جرم کا مرتکب ہوگااو راس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

زاہد حامد نے کہا کہ کمیٹی نے بائیومیٹرک اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر حتمی سفارشات کے لئے چھ مہینے کی مہلت کی درخواست مسترد کردی اور دوہفتوں میں الیکشن کمیشن سے حتمی سفارشات طلب کرلیں۔اجلا س میں الیکشن کمیشن سے بھارتی انتخابات میں پولنگ ایجنٹس کے رہنماء اصول بھی طلب کرلئے جبکہ کمیٹی نے نادرا حکام کو دو لاکھ بلاک شناختی کارڈز پر جلدحتمی فیصلہ کرنے کی سفارش کی ۔