متحدہ کے سربراہ کو رینجرز کو دھمکی دینا مہنگی پڑگیا‘حکومت نے معاملہ برطانوی ہائی کمیشن کے سامنے اٹھادیا

الطاف حسین کابرطانوی سرزمین استعمال کرکے پاکستانی سیکیورٹی افسران کو قتل کی دھمکیاں دینادرست نہیں‘ وزیر داخلہ

بدھ 18 مارچ 2015 17:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) وفاقی حکومت نے الطاف حسین کے رینجرز کے حوالے سے دھمکی آمیز بیانات پر سخت ایکشن لیتے ہوئے معاملہ برطانوی ہائی کمیشن کے سامنے اٹھا دیا۔ وزیرداخلہ چوہدری نثار نے اہم شواہد برطانوی ہائی کمشنر کو پیش کر دیدیئے۔نجی ٹی وی کے مطابق الطاف حسین کیخلاف رینجرز کا مقدمہ، وفاقی وزیرداخلہ ایکشن میں آگئے، ایف آئی آر اور متعلقہ دستاویزات برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کیں ملاقات میں برطانوی شہری کی رینجرز افسران کو دھمکیاں ناقابل برداشت قرار دی گئیں۔

ذرائع کے مطابق چوہدری نثار نے برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن سے ملاقات میں ایم کیو ایم کے قائد کی رینجرز کو قتل کی دھمکیوں کا معاملہ اٹھایا۔ وزیر داخلہ کا کہناتھا کہ الطاف حسین برطانوی سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستانی سیکیورٹی افسران کو قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں جو درست نہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ وزیرداخلہ نے ترجمان کراچی رینجرز کرنل طاہر کی مدعیت میں درج مقدمہ کی ایف آئی آر ، اور ٹی وی پروگرام میں الطاف حسین کی فوٹیجز برطانوی ہائی کمشنر کو دیں ، جنہوں نے اس معاملے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ برطانوی ہائی کمشنر نے عمران فاروق قتل کیس کا معاملہ اٹھایا جس پر وزیرداخلہ نے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔