Live Updates

کراچی،پاکستان تحریک انصاف لیبر ونگ کا ہنگامی اجلاس طلب

بدھ 18 مارچ 2015 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف لیبر ونگ کے مرکزی صدر زبیر خان نے لیبر ونگ کے میڈیا سیل میں ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا ، جس میں چیدہ چیدہ مرکزی ، صوبائی و ڈویژنل عہدیداروں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ان اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے کراچی و سندھ میں لیبر ونگ کے بعض نام نہاد عہدیداران پارٹی آئین اور منشور کو بالائے طاق رکھ کر ، تنظیمی ڈسپلن کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے لیبر ونگ کے مختلف عہدوں پر ایسے افراد کو تعینات کررہے ہیں جن کی کوئی سیاسی ساکھ نہیں اور وہ اپنی من مانیوں کے باعث پارٹی اور لیبر ونگ کے لیے شرمندگی کا باعث بنتے جارہے ہیں ۔

اگر تنظیمی ڈسپلن کی ان خلاف ورزیوں کو نہ روکا گیا تو اس سے نہ صرف پارٹی بدنام ہوگی بلکہ پارٹی کو شدید نقصان بھی پہنچے گا۔

(جاری ہے)

اسی بناء پر اجلاس میں موجود مرکزی ، صوبائی و ڈویژنل عہدیداروں کی مشاورت و منظوری سے فوری طور پر لیبر ونگ سندھ و کراچی کے موجودہ ڈھانچے کو تحلیل کرتے ہوئے ایک 7 رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی جو کہ آئندہ 4ماہ میں کراچی و سندھ میں نئی تنظیم سازی کے ساتھ ساتھ قابل ، مخلص و مزدور دوست افراد پر مشتمل سندھ وکراچی کی سطح پر ایگزیکٹیو باڈیاں تشکیل دے گی ۔

آرگنائزنگ کمیٹی حافظ فضل کریم ایڈووکیٹ ، بسمہ اللہ خان ، خالد عمران ، مختیار احمد منگریوا یڈووکیٹ ، داد محمد دایو ، عزرا جمال اور سعید مدنی پر مشتمل ہوگی ۔ اس اجلاس میں حافظ فضل کریم ایڈووکیٹ ، بسمہ اللہ خان ، خالد عمران ، شاہنواز صدیق ، حبیب اللہ آکا خیل ، علی اعوان ، اعجاز احمد ، رشیدہ خان ، مباح بی بی ، شاہ میر بیابانی ، رضوان خان ، اسماعیل خان ، سعید الرحمن اور دیگر رہنما شریک تھے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات