کسان تنظیمیں آبیانہ وصولی کا کام مزید تیز کریں، چوہدری خاور نذیر

بدھ 18 مارچ 2015 14:59

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء)پنجاب اریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی (پیڈا) کے جنرل مینجر چوہدری خاور نذیر نے کہا ہے کہ کسان تنظیمیں آبیانہ وصولی کا کام مزید تیز کریں تا کہ 30 جون تک 100 فی صد آبیانہ وصولی کا ہدف ممکن ہو سکے۔ کسان تنظیموں کی کارکردگی بہتر کرنے کے لئے جاری ”آن دی جاب ٹریننگ پروگرام“ میں کسانوں کی بھر پور شمولیت یقینی بنائی جائے تا کہ یہ تنظیمیں پیشہ وارانہ تربیت حاصل کر کے اپنے فرائض زیادہ بہتر انداز میں ادا کر سکیں ۔

انہوں نے افسران کو ہدایات کی کہ آبپاشگان سے وصول ہونے والی آبیانہ کی رقم فوری طور پر سرکاری خزانے میں جمع کروانے کے لئے بھی کسان تنظیموں کو ترغیب دی جائے ۔اجلاس میں کسان تنظیموں کے مالیاتی امور کا آڈٹ کروانے کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، یہ بات انہوں نے آج اپنے دفتر میں جاری ایک محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جنرل مینجر (آپریشن) ملک محمد طارق، ڈپٹی جنرل مینجر (ایڈمنسٹریشن) افضل انجم طور، ڈپٹی جنرل مینجر(آپریشن) میاں عبدالرشید اور ڈپٹی جنرل مینجر(سوشل موبلائزیشن) سید شائق حسین عابدی کے علاوہ فیلڈ افسران بھی شریک تھے۔

اجلاس میں آبیانہ کی مد میں وصولیوں کا جائزہ لیا گیا۔جنرل مینجر پیڈا چوہدری خاور نذیر نے کہا کہ پیڈا کے افسران اپنے زیر انتظام علاقوں میں قائم کسان تنظیموں کو آبیانہ کی ہر ممکن وصولی میں درکار ضروری معاونت فراہم کریں تا کہ نہری انتظام و انصرام چلانے کیلئے ضروری فنڈز دستیاب ہو سکیں۔ انہوں نے نہری انتظام وانصرام پر ہونے والے اخراجات کے لئے آبیانہ کی سوفیصد وصولی کو ناگزیر قرار دیا۔