مونگ کو گندم کی برداشت کے بعد 25اپریل سے 5مئی تک کاشت کرلیا جائے، زرعی ماہرین

بدھ 18 مارچ 2015 14:57

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) زرعی ماہرین نے کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ مونگ کو گندم کی برداشت کے بعد 25اپریل سے 5مئی تک کاشت کرلیا جائے تو یہ جولائی کے مہینے میں پک کر تیار ہوجاتی ہے اور اس کے بعدباسمتی دھان کی فصل بھی آسانی سے کاشت کی جاسکتی ہے۔ جس سے نہ صرف کاشتکاروں کی آمدن میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ زمین کی زرخیزی بھی بڑھتی ہے۔

گندم اوردھان کا فصلی نظام پاکستان میں نہایت اہمیت کا حامل ہے یہ نظام پاکستان میں تقریباً دو کروڑعوام کی غذائی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ سال میں دوفصلیں کاشت کرنے کی وجہ سے اس نظام کی پیداواری صلاحیت میں روز بروز کمی ہوتی جارہی ہے۔جڑی بوٹیوں کی بہتات ،نقصان دہ کیڑوں کی زیادتی ،مسلسل کاشت سے نامیاتی مادہ کی کمی اورگندم کی تاخیر سے کاشت ان فصلوں کی پیداوار میں کمی کی اہم وجوہات ہیں۔

(جاری ہے)

ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے شعبہ اگرانومی کے زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کو سفارش کی ہے کہ وہ گندم اور دھان کے دوفصلی نظام کی پیداواری صلاحیت اور زمین کی زرخیزی کو بڑھانے کے لیے ان فصلوں کے درمیانی وقفہ میں پھلی دار فصلات کی کاشت کو یقینی بنائیں۔پھلی دار فصلوں کی کاشت سے زمینوں میں ہوا سے نائٹروجن حاصل کرنے کی صلاحیت اورزمین میں نامیاتی مادہ کی فراہمی میں اضافہ کے ساتھ ان کے سخت پن میں کمی واقع ہوتی ہے۔

گندم کی برداشت کے بعد اور دھان کی کاشت سے پہلے زمین تقریباً 65سے70دن کے لیے خالی پڑی رہتی ہے۔ اس عرصہ میں مونگ کی کاشت سے کاشتکاراپنے منافع میں اضافہ کرسکتے ہیں کیونکہ یہ فصل تھوڑے اخراجات کے ساتھ کم عرصہ میں تیار ہونے کے باعث گندم اوردھان کے فصلی نظام میں نہایت آسانی سے سما سکتی ہے