حکمران قومی اداروں کو فروخت کرکے اپنے منظو ر نظر لوگوں کو نوازنا چاہتے ہیں،خالد محمود چوہدری

بدھ 18 مارچ 2015 14:57

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) پریم یونین کے مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزرخالد محمود چوہدری نے کہا ہے کہ حکمران قومی اداروں کو فروخت کرکے اپنے منظو ر نظر لوگوں کو نوازنا چاہتے ہیں،سرمایہ داروں اور جاگیرداروں چاہتے ہیں کہ قومی اداروں کی نجکاری کر کے لاکھوں مزدوروں کے چولہے بجھا دیں ۔پریم یونین قومی اداروں کی بندر بانٹ نہیں ہونے دے گی ۔

مزدوروں کے حقوق کیلئے اپنے قائد حافظ سلمان بٹ کی قیادت میں ہرجگہ آوازاٹھائیں گے ۔ریلوے ،پی آئی اے ،واپڈا کو مزدوروں نے نہیں کرپٹ حکومتی انتظامیہ نے تباہ کیا ۔خسارے میں چلنے والے اداروں کو بحا ل کرنا حکومت کا کام ہے ،اگر ادارے خسارے میں ہیں تو اس کا حل یہ نہیں کہ ان کو بیچ دیا جائے ،جھونپڑیوں میں رہنے والوں کو حقوق سے محروم رکھا گیا تو وہ بنگلوں میں رہنے والوں کو بھی چین سے نہیں رہنے دیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے لاہو میں ہونے والے کامیاب مزدور کنونشن سے واپسی پر ریلوے اسٹیشن پرکارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرزونل صدر ملک محمد بشیر، سیکرٹری باؤ طاہر، محمد طارق ، چوہدری سیف الرحمان ،کاظم فاروق گل، عبدالرزاق میٹ، ظہیر الدین بابر، چوہدری عبدالقیوم، چوہدری آصف جاوید ، نورالدین ،محمد شبیر خان،عمران کاہلوں، فتح شیر میٹ،نادرحسین شاہ اور دیگر زونل ذمہ داران بھی موجود تھے۔

خالد محمود چوہدری نے کہا کہ ملک میں اگر کوئی خوشحالی نظر آتی ہے تو اس کی وجہ مزدوروں کی دن رات کی محنت ہے ،حکومت کو دوسال ہونے کو ہیں مگر آج تک وہ اپنے منشور پر عمل کرسکی اورو نہ لیبر پالیسی بنا سکی ہے۔حکومتی ایوانوں میں بیٹھے ظالم جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کوملک کے غریب عوام کے مسائل کا نہ احساس ہے اور نہ ہی وہ ان مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں ریلوے ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے کم ازاکم 50فیصد اضافہ نہ کیا گیا تو کراچی سے پشاور تک دما دم مست قلندر ہو گا، حکومت نے منافع بخش اداروں کی نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا تھا تو ملک بھر سے مزدور اسلام آباد کا رخ کر لیں گے،حکومتی خسارہ پوراکرنے کے لئے قومی اداروں کو نج کاری کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریلوے میں سیاسی بنیادوں پر بھرتی کی بجائے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کا کوٹہ مقرر کیا جائے۔ گزشتہ کئی برسوں سے ریلوے ملازمین کو ٹی اے اور گریجوٹی کی ادائیگی نہیں کی جارہی ہے جبکہ تعمیراتی فنڈز کے نام پر تنخواہوں سے پانچ فیصد ناجائز کٹوتی کی جارہی ہے،اس کو فوری طور پر ختم کیا جائے ۔ دورانِ ملازمت وفات پانے والے ملازمین کا جس پیکیج کا وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے پاکستان ریلوے میں فوری طور پر اس پر عمل درآمد کروایا جائے۔