اٹک انتظامیہ کو ڈینگی سے آگاہی کے لیے شعور بیدار کرنے کی خاطر بینرز بھی آویزاں کرنے کی ہدایت

بدھ 18 مارچ 2015 14:13

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) گرمیوں کی آمد کے ساتھ ڈینگی وائرس کے خطرہ سے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ضلع اٹک میں حفاظتی اقدامات کا جائزہ اجلاس اے ڈی سی اٹک کنزہ مرتضیٰ کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اٹک ملک عبادت نے اجلاس کو ڈینگی کے تحفظ کی خاطر کیے جانے والے اقدامات کی تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں محکمہ صحت ، تعلیم ، زراعت، ٹی ایم اے اور دیگر متعلقہ دفاتر کے افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈینگی وائرس سے پیشگی تدارک کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے اے ڈی سی اٹک نے تمام شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی سے تحفظ کی خاطر عوام میں آگاہی مہم شروع کریں ۔اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔آبادیوں کے نزدیک اور گھروں کے اندر پانی کی نکاسی کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

گھروں میں مچھر مار سپرے ، کوائل اور دروازوں اور کھڑکیوں پر جالی لگائیں۔

جسم کے کھلے حصوں پر مچروں کو دور رکھنے کے لیے لوشن استعمال کریں ۔پوری آستینوں کے کپڑے پہنیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی قابل علاج مرض ہے ۔ بخار کی صورت میں عطائی ڈاکٹروں یا گھریلوں ٹوٹکوں کی بجائے حکومت کے قائم کردہ ہسپتالوں اور مراکز صحت سے رجوع کیا جائے تاکہ اس مرض کی تشخیص ہونے پر اس کا باقاعدہ علاج کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچاوٴ ستر فیصد احتیاط اور تیس فیصد علاج سے سو فیصد ممکن ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ اس وائرس سے بچاوٴ کے لیے تجویز کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہدایات پر سپرے بھی کیا جائے گا ۔ اے ڈی سی اٹک نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو خشک رکھیں کیونکہ ڈینگی صاف پانی کا مچھرہے اس لیے پانی کے نکاس کو یقینی بنا کر اس کی افزائش کو روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ڈینگی سے آگاہی کے لیے شعور بیدار کرنے کی خاطر بینرز بھی آویزاں کریں۔

انہوں نے تعلیمی اداروں میں بچوں کو ڈینگی سے تحفظ کی فراہمی کے لیے ڈینگی پیریڈ منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈینگی سے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ حسا س علاقوں پر خصوصی توجہ دیں اور ہفتہ وارنہ بنیادوں پر ڈینگی اقدامات کے بارے میں انہیں رپورٹ پیش کی جائے۔

متعلقہ عنوان :