ٹیوٹا اور سی بی ایل کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

بدھ 18 مارچ 2015 14:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) کریسنٹ باہومان لمیٹڈ (سی بی ایل) کے تعاون سے گارمنٹس کے شعبہ میں شارٹ کورسز پیش کرے گی، تربیت فراہم کرنے کا مقصد باہمی تعاون سے گارمنٹس سیکٹر میں ہنر مند ا فرادی قوت پیدا کرنا ہے،یہ کورسز گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی (جی سی ٹی) پنڈی بھٹیاں اور گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (خواتین) سکھیکی ضلع حافظ آباد میں شروع کئے جائیں گے۔

اس سلسلے میں ٹیوٹا اورکریسنٹ باہومان لمیٹڈ (سی بی ایل) کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔ چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اور منیجنگ ڈائریکٹر سی بی ایل سلیمان داوٴدنے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی ، ڈی جی ایم (کاپوریٹ افیئرز )عائشہ قاضی، ڈائریکٹر اپرنٹس شپ ٹریننگ وحید اصغر اور دونوں اداروں کے دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

معاہدے کی تفصیلات کے مطابق شارٹ کورسز کادو مرحلوں میں کیا جائے گا۔ پہلے مرحلہ میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر 50 طلباء کو انڈسٹریل سٹچنگ کورس میں تربیت دی جائے گی ۔جبکہ دوسرے مرحلے میں سی بی ایل کی اہم ضروریات اور دیگر کاروباری اداروں کی ایماء پر ٹیکسٹائل ڈائینگ اینڈ فنشنگ، کیڈ ،پیٹرن میکنگ اینڈ کٹنگ، واشنگ اینڈ ڈرائینگ(ویٹ اینڈ ڈرائی) اور ٹیکسٹائل انجینئرنگ کے کورسز پیش کئے جائیں گے۔

ہر کورس میں 25طلباء کو بیک وقت تربیت دی جائے گی۔ معاہدے کے مطابق سی بی ایل زیر تربیت ٹرینیز کو آن جاب ٹریننگ بھی فراہم کریگی۔کریسنٹ باہومان لمیٹڈ (سی بی ایل ) کی جانب سے ہر طالبعلم کو دوران تربیت 1000/-روپے ماہانہ وظیفہدیا جائے گا اور ٹیوٹا فیکلٹی کو بھی تربیت دی جائے گی ۔حتمی امتحان ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ (ٹی ٹی بی)لے گاجبکہ ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ اور سی بی ایل تربیت یافتہ طلباء کو امتحان کی کامیابی کے بعد پیشہ ورانہ مہارتوں اور تکمیل کے سرٹیفکیٹ فراہم کرے گا۔