چاروں صوبوں کا نمائندہ ایوان ہے ،چیئرمین سینٹ

بدھ 18 مارچ 2015 13:38

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء )چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں کا نمائندہ ایوان ہے وفاق کی مضبوطی سینٹ کے ساتھ منسلک ہے ، سینٹ کی مضبوطی کے لئے ضروری ہے کہ سینٹ کا عملہ ایمانداری سے اپنے فرائض ادا کرے ، فرائض سے غفلت کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ، ہر پیر کو تین سے چار بجے سینٹ ملازمین مجھ سے ملاقات کرسکتے ہیں اور اپنے تمام مسائل سے آگاہ کرسکتے ہیں ، براہ راست رسائی کا مقصد سفارش کلچر کا خاتمہ ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں سینٹ ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ میں خود قانون کا پاسدار ہوں اس لئے میری خواہش ہے کہ میرے ساتھ کام کرنے والے بھی تمام قوانین کی پاسداری کریں آپ سب لوگ میرے لئے خاندان کی طرح ہیں ملازمین کے مسائل کو آئین و قانون کے مطابق حل کرنے کی کوشش کرونگا میں آپ کے ساتھ انتہائی شفقت اور پیار سے پیش آؤنگا لیکن اس کو میری کمزوری نہ سمجھا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپ سے مجھے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں توقع ہے کہ آپ اس پر پورا اترینگے انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین کی براہ راست رسائی کا مقصد سفارش کلچر کا خاتمہ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی دوست کے ذریعے مسائل میرے پاس نہ لے کر آئیں اس سے مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے میری کوشش ہے کہ آپ کے تمام مسائل رولز اور قانون کے مطابق حل کروں