ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی دعوت

آصف زرداری نے ذمہ داری وزیر اعلیٰ سندھ کو سونپ دی

بدھ 18 مارچ 2015 12:57

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء ) پاکستان پیپلزپارٹی نے متحدہ قومی موومنٹ کو سندھ حکومت میں شمولیت کی دعوت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے کے وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کو اس حوالے سے ایم کیوایم کی قیادت سے بات چیت کرنے کی ذمہ داری سونپ دی ہے پی پی کے شریک چئیرمین نے ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے گزشتہ روز بلاول ہاوس میں پارٹی اجلاس کے دوران ہونے والے فیصلے سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر دونوں رہنماوں نے ملک کی سیاسی صورت حال، دونوں جماعتوں کے درمیان بہتر تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ایم کیو ایم کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق صدرآصف علی زرداری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سندھ کی منتخب جماعتیں ہیں اور ان کو مل جل کر ملک و قوم کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

ادھرایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم عوام کے بنیادی حقوق دلوانے کے لئے اپنی پْر امن جدوجہد جاری رکھے گی۔دونوں رہنماوٴں نے مفاہمت کی پالیسی کو سندھ اور ملک کے لیے خوش آئند قراردیا۔ اس سے قبل پیپلز پارٹی کا اہم اجلاس پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیر صدارت بلاول ہاوٴس میں منعقد ہوا جس میں پارٹی کے شریک چیئرمین نے پیپلز پارٹی رہنماوں کو سینیٹ کے الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔اجلاس کے دوران سندھ کی حکمران جماعت نے آصف زرداری کے ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی دعوت کے فیصلے کی تائید کی۔