سری لنکن رن مشین کمار سنگاکارا نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا

بدھ 18 مارچ 2015 12:49

سری لنکن رن مشین کمار سنگاکارا نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا
سڈنی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار18مارچ ۔2015ء ) سری لنکن بلے باز کمار سنگاکارا ورلڈ کپ کے کسی بھی ایڈیشن میں 500رنز کا ہدف بنانے والے 7ویں بلے باز بن گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف ورلڈ کپ 2015ء کے پہلے کوارٹر فائنل میں سنگاکارا کو یہ اعزاز حاصل کرنے کے لیے محض 4رنز کی ضرورت تھی ،سنگا کارا نے 45رنز سکور کر کے ورلڈ کپ کے رواں ایڈیشن میں اپنے رنز کی تعداد 541کر لی ہے جو میگا ایونٹ کے کسی بھی ایڈیشن میں انفرادی بلے باز کی جانب سے بنایا گیا 5واں بڑا مجموعی سکور ہے ۔

(جاری ہے)

ورلڈ کپ کی تاریخ میں بھارت کے لیجنڈری بلے باز سچن ٹنڈولکر نے دو مرتبہ (1996ء میں 523رنز ،2003ء میں 673رنز ) ورلڈ کپ کے کسی ایڈیشن میں 500رنز بنانے کا منفرد ریکار ڈ اپنے نام کر رکھا ہے ۔ ان کے علاوہ اس میگا ایونٹ کے کسی بھی ایڈیشن میں 500رنز بنانے والوں میں آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈ ن ورلڈ کپ 2007ء میں 659رنز ،سابق آسٹریلیوی کپتان رکی پونٹنگ ورلڈ کپ 2007ء میں 539رنز ، سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے ورلڈ کپ 2011ء میں 548رنز اور تلکارتنے دلشان ورلڈ کپ 2011ء میں 500کے ساتھ شامل ہیں ۔