افغان مہاجرین کو مرضی کے بغیر واپس نہ بھیجنے کا فیصلہ خوش آئند ہے،آفتاب شیرپاؤ

منگل 17 مارچ 2015 17:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء)قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین اور پاک افغان فرینڈ شپ گروپ کے کنونیئر آفتاب احمد خان شیرپاوٴ نے خیبر پختونخواہ اسمبلی میں پارلیمانی قائدین اور افغان حکام کے مشترکہ فورم کے قیام کو ایک حوصلہ افزا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ممالک مزید قریب آئیں گے۔ اپنے ایک بیان میں انھوں نے پاک افغان امن جرگہ کی دوبارہ بحالی اور دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت کے فروغ کیلئے مزید اقدامات اٹھانے کے فیصلے کو بھی سراہا اور کہا کہ اس سے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

انھوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کو مرضی کے بغیر واپس نہ بھیجنے کا فیصلہ بھی خوش آئند ہے۔انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کیلئے ویزا سمیت دیگر پابندیوں میں نرمی سے دونوں ممالک کے مابین آمد و رفت کی سہولتوں میںآ سانیاں پیدا ہونگی اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر تعلقات اور باہمی تجارت کو فروغ ملے گا ۔

(جاری ہے)

آفتاب شیرپاوٴ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور د یتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں صدیوں سے تاریخی،ثقافتی ،تجارتی اور کاروباری مراسم موجود ہیں جس میں مزیدبہتری لانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

انھوں نے مزیدکہا کہ پاکستان میں امن افغانستان میں استحکام سے جڑا ہوا ہے لہذا دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان ہم آہنگی کا فروغ وقت کا تقاضا ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام امن کے ثمرات سے مستفید ہوکرتعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔