پاکستان سے بندر بانٹ کی سیاست کا جنازہ نکال دیا ہے،جمشیدالدین

منگل 17 مارچ 2015 17:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و ضلعی صدر پی ٹی آئی نوشہرہ میاں جمشید الدین کاکاخیل نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چےئرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ان دونوں رہنماؤں نے پاکستان سے بندر بانٹ کی سیاست کا جنازہ نکال دیااور اب ملک میں دو نمبر سیاست کی بجائے صاف و شفاف سیاست کو عوامی پذیرائی حاصل ہو گی ۔

ان خیالات کا اظہار اُ نہوں نے نوشہرہ میں پی ٹی آئی کے ورکروں اور کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ میاں جمشید الدین نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک نظریاتی تحریک کا نام ہے جو ملک میں پسے ہوئے طبقے کی ترجمانی کرتا ہے اور ان کے حقوق کے لئے ہر فورم پر پر زور آواز اُٹھاتی ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کے غیور عوام کو سیاسی آدم خوروں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتی ۔

وزیر موصوف نے کہا کہ پی ٹی آئی کا سیاسی ایجنڈا ہے کہ عوام کو اُن کا جائز حق اُن کے دہلیز پر حاصل ہو اور اُن کے جان ومال کا تحفظ یقینی ہو ۔ اُنہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے نہایت جوان مردی سے دہشت گردی کا مقابلہ کیاہے ۔ جس پر وہ ہلال استقلال کے مستحق ہیں ۔ میاں جمشید الدین نے لاہور میں مسیحی برداری کی دعائیہ تقریب کے دوران ہونے والے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ یوحنا آباد غیر انسانی اور انتہائی افسوس ناک فعل ہے ۔

جو کہ قوم میں نفاق پیدا کرنے کی ایک منظم سازش ہے ۔ وزیر موصوف نے خیبر پختونخوا حکومت کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں تجاوزات کا ٰخاتمہ، پٹوار خانوں اور پولیس میں رشوت خوری کی حوصلہ شکنی ،میرٹ پر تقرریاں وتبادلے اور حالیہ صاف وشفاف الیکشن مثبت تبدیلی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ بہت جلد قوم واضح تبدیلی محسوس کرے گی جسے عوام کو دکھانے اور بتانے کی ضرور ت نہیں پڑے گی ۔

متعلقہ عنوان :