چینوٹ ، سرگودھااور بہاولپور کے کمیونٹی سکولوں نے انٹر سکولز ہم نصابی مقابلے جیت لئے

منگل 17 مارچ 2015 17:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء) سابق چیف جسٹس آف پاکستان ریاض احمد شیخ نے کہا ہے کہ حصول تعلیم سے محروم بے وسیلہ بچوں اور سکولوں سے بھاگے ہوئے بچوں کو دوبارہ تعلیم یافتہ بنانا جہاد سے کم نہیں ہے کیونکہ بنیادی تعلیم ہی ہماری ترقی کی اصل بنیاد ہے ۔ انہوں نے یہ بات انڈر گریجوایٹ سٹڈی سنٹر پنجاب یونیورسٹی لاہور میں فیڈرل منسٹری آف ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ کے زیر اہتمام بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز ( بے کس )سکولوں کے مابین نعت خوانی ، تلاوت اور تقاریر کے صوبائی مقابلوں کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب میں کہی ۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) نصیر اختر سابق ایئر مارشل انور محمود خان ، کرنل (ر) اکرام اللہ خان ، محترمہ حمدہ طارق ، پروفیسر تابندہ قمر اور ریجنل ڈائریکٹر بے کس سکولز فیصل شہزاد اعوان کے علاوہ انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن ریسرچ پنجاب یونیورسٹی لاہور کی ڈین ڈاکٹر مسز ممتاز اختر نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ پنجاب یونیورسٹی بے کس سکولوں کے توسط سے غیر رسمی تعلیم کے نظام سے منسلک اساتذہ کرام کو سائنس ایجوکیشن میں سپلیشلائزیشن کے لئے خصوصی تربیتی پروگرام شروع کرے گی۔

مہمانان خصوصی نے اس موقع پر بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔چینوٹ ، سرگودھااور بہاولپور کے کمیونٹی سکولوں نے انٹر سکولز ہم نصابی مقابلے جیت لیے۔ انٹرسکولز مقابلوں میں بلترتیب تقریر، نظم پڑھنے اور نعت خوانی میں پہلی پوزیشنز حاصل کی۔اس موقع پر یوحنا آباد لاہور میں دہشت گردی کے قابل نفرین واقعہ پر مسیحی بھائیوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔