فاٹا میں حکومت کی رٹ قائم ہو چکی ہے‘ شمالی وزیرستان کے بے گھر افراد کی واپسی کا سلسلہ 30 مارچ سے شروع ہوگا ‘ اکرم خان درانی

منگل 17 مارچ 2015 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی نے دعویٰ کیا ہے کہ فاٹا میں حکومت کی رٹ قائم ہو چکی ہے‘ شمالی وزیرستان کے بے گھر افراد کی واپسی کا سلسلہ 30 مارچ سے شروع ہوگا ‘ لاہور سانحہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ‘ نو جوان کو زندہ جلانے میں ملوث افراد کی شناخت ہوگئی ہے ‘ جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا ۔

منگل کویہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور یوحنا آباد میں گرجا گھروں پر حملہ دہشت گردی ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا وہ انسانیت کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ لاہور کے واقعہ کے بعد لوگوں نے قومی املاک کو نقصان پہنچایا اور دو بے گناہ افراد کو زندہ جلایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جلانے میں ملوث افراد کی تصویر سے شناخت ہوگئی ہے۔ ان کے والدین اور خاندان تک رسائی ہو چکی ہے بہت جلد ملزمان کو سزا دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔ ایسے لوگوں کو کبھی معاف نہیں کیا جائیگا جو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت مضبوط ہوئی ہے، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے بنائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی لوگوں میں سیاسی شعور پیدا ہوا ہے اورماضی کے برعکس ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کیا جارہا ہے۔ ایک سوال کے جوا ب میں انہوں نے کہاکہ فاٹا میں حکومت کی رٹ بحال ہو چکی ہے اور بے گھر افراد کو اپنے گھروں کو جانے کی اجازت دی جارہی ہے‘ حکومت بے گھر افراد کی واپسی کیلئے مفت ٹرانسپورٹ تین ماہ کا راشن اور نقد مالی امداد فراہم کر رہی ہے، فاٹا میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگئی ہے بے گھر افراد کی واپسی کا سلسلہ 30 مارچ سے شروع ہوگا۔ اس حوالے سے تمام انتظامات کرلئے گئے ہیں۔