لاہور ، بم دھماکوں میں ہونے والا جانی نقصان انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ، سید علی گیلانی

منگل 17 مارچ 2015 13:42

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء) کل جماعتی کانفرنس ” گ “ گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ لاہور میں عیسائیوں کی عبادت گاہوں میں بم دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دہشت گردی اور انسانیت سوز کارروائی ہے جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے اپنے ایک بیان میں حریت چیئرمین نے مجرموں کو سرعام پھانسی دیئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے جان و مال ، عزت اور عبادت گاہوں کی حفاظت پاکستانی حکومت کی شرعی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے اور اس کو پورا کرنے میں کسی بھی طرح کی کوتاہی نہیں کی جانی چاہئے انہوں نے کہا کہ کسی نہتے بے قصور انسان کو مارنا اسلام کے بنیادی اصولوں اور احکامات کے منافی عمل ہے اور ایسا کرنے والے اسلام کا جتنا بھی دم بھریں وہ اس دین رحمت کے سب سے بڑے دشمن ہیں ۔

(جاری ہے)

حریت چیئرمین نے بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی کے ( آسام ) میں دیئے گئے بیان کہ ” مسجد کوئی عبادت گاہ نہیں ، بلکہ محض ایک عمارت ہوتی ہے اور اس کو کسی بھی وقت مسمار کیا جا سکتا ہے “ کو اسلام ، شعائر اسلام اور مسلمانوں پر براہ راست حملہ قرار دیتے ہوئے اس کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے انہوں نے کہا کہ دلی میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی اپنے ریاستی پاور کی مدد سے آر ایس ایس کے ایجنڈے کو عملانے میں بڑی تعجلی کر رہی ہے اور اس وجہ سے بھارت کے مسلمانوں ، عیسائیوں اور سکھوں کے جان و مال عزت اور مذہب زبردست خطرات میں گر گئے ہیں اور یہ صورت حال آنے والے وقت میں ایک دھماکہ خیز رخ اختیار کر سکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سبرامنیم بھارتیہ جنتا پارٹی کے مرکزی سطح کے ایک ذمہ دار لیڈر ہیں اور ان کی بات کو سرسری طور پر نہیں لیا جا سکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :