معاشرے سے بدعنوانی کا خاتمہ ملکی معیشت کی ترقی کیلئے ناگزیرہے، ممنون حسین

منگل 17 مارچ 2015 13:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ معاشرے سے بدعنوانی کا خاتمہ ملکی معیشت کی ترقی کیلئے ناگزیرہے، معاشی بدحالی کے باعث ملک جنگجوؤں اور خون ریز کی گرفت میں رہا ہے امکانات کے نیا سورج طلوع ہو رہا ہے،قومی مفادات کیلئے گروہی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر اتحاد کی ضرورت ہے ،اقتصادی راہداری سے لاکھوں لوگوں کو روز گار ملے گا اور ملک میں معاشی انقلاب آئیگا،نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے نصاب تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ سائنس کی سالانہ کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔صدر نے کہا کہ بدعنوان عناصر معاشرے کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں ،بدعنوان افراد کی حوصلہ شکنی کی جائے ،بدعنوانی کا خاتمہ ملکی معیشت کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے ،ماضی میں ہمارا خطہ جنگجوؤں اور خون ریزی کی گرفت میں رہا ہے لیکن اب حالات دن بدن بہتر ہو رہے ہیں اور امکانات کا نیا سورج طلوع ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

صدرممنون حسین نے کہا کہ سائنس کو قومی ترقی کا ذریعہ بنانا ہے جوہری توانائی سستی بجلی کے ساتھ صنعتی ترقی کا بھی ذریعہ بنے گی،آنے والا دور میں جوہری توانائی کا کردار ہے ۔اقتصادی ترقی کیلئے جامع حکمت عملی ناگزیر ہے،پاکستان اور چین نے اقتصادی ترقی کیلئے نئی راہ متعین کر دی ہے ،قومی مفادات کے لئے گروہی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اتحاد کی ضرورت ہے ،اقتصادی راہداری منصوبے سے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے ،اس منصوبے لاکھوں لوگوں کو روز گار کے مواقع حاصل ہوں گے اور ملکی معیشت میں بہتری آئے گی اور ملک میں معاشی انقلاب برپا ہوگا،غیر متوازن پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے ،ملکی معیشت کی بہتری کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سیاست معیشت کی تابع ہو چکی ہے ،علاقائی تبدیلیوں میں معیشت کا کردار اہم ہے ۔

صدر مملکت نے کہا ہے کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی کارکردگی بنیاد فیکلٹی پرہوتی ہے ،پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ سائنس کی فیکلٹی دیکھ کر خوشی ہوئی ،نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے نصاب تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے ،نصاب تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے ،طلباء و طالبات مثالی کردار کی بدولت معاشرے میں اپنا مقام پیدا کریں اور اپنی ذمہ داری بھر پور طریقے سے سرانجام دیں ،ذمہ داری پوری کرنے والوں کو ہی کامیابی نصیب ہوتی ہے ، ملک میں تعلیم کیلئے بجٹ کم ہے ،تعلیم اور صحت کے بجٹ کو بڑھانے کیلئے شرح ٹیکس میں اضافہ کرنا ہوگا