چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے یواے ای کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل حماد ثانی کی ملاقاتیں ‘دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ ‘ خطہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال ، لیفٹیننٹ جنرل حماد محمد ثانی کی دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے کردار کی تعریف

پیر 16 مارچ 2015 21:16

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2015ء) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے متحدہ عرب امارات کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل حماد محمد ثانی نے پیر کو یہاں جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں الگ الگ ملاقاتیں کیں ‘دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا ‘ یو اے ای کے آرمی چیف نے دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے کردار کو سراہا۔

(جاری ہے)

پیر کو آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود سے جی ایچ کیو میں یو اے ای کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل حماد محمد ثانی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پیشہ وارانہ امور اور دو طرفہ دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی یو اے ای کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل حماد محمد ثانی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ لیفٹیننٹ جنرل حماد محمد ثانی کے ساتھ بری فوج کے کمانڈر بریگیڈئر جنرل صالح محمد بھی موجود تھے۔