ملازمین کی شناختی تصدیق کا عمل کافی حد تک مکمل کرلیا گیا ہے ،اگر کسی محکمہ کے ملازم کی کسی وجہ سے تصدیق نہیں ہوسکی وہ18مارچ تک تصدیق کراسکیں گے ، شرجیل انعام میمن

پیر 16 مارچ 2015 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2015ء) صوبائی وزیر اطلاعات ،بلدیات اور چیئرمین کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر دیگر بلدیاتی اداروں سمیت واٹربورڈ کے ملازمین کا تصدیقی عمل پیر16مارچ کو بھی جاری رہا ملازمین نے ڈپٹی کمشنر ز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے روبرو پیش ہوکر اپنی شناخت کرائی ،تفصیلات کے مطابق کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ میں ملازمین کی شناختی تصدیق کا عمل پیر کے روز کافی حد تک ململ کرلیا گیا ہے تاہم اگر کسی محکمہ کے ملازم کی کسی وجہ سے تصدیق نہیں ہوسکی وہ18مارچ تک تصدیق کراسکیں گے ، ڈپٹی کمشنر و اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے ملازمین کی تصدیق شدہ رپورٹس کو 18مارچ کے بعد حتمی شکل دی جائے گی توقع ہے کہ تصدیقی عمل 18مارچ تک مکمل کرلیا جائے گا دریں اثناء پیر کو ملیر ٹاوٴن ، محمود آباد ٹریٹمنٹ پلانٹ اور سپرنٹنڈنگ انجینئر گلشن اقبال ٹاوٴن کے آفس میں واٹربورڈ کے ملازمین اسسٹنٹ کمشنر بن قاسم سید غلام حیدر شاہ ، اسسٹنٹ کمشنر شرقی نازیہ زمان اور اسسٹنٹ کمشنر شوکت اجن کے روبرو پیش ہوئے اور اپنی شناخت کرائی ،ملازمین نے تصدیقی عمل کے دوران نظم وضبط کا مظاہرہ کیا اس موقع پر واٹربورڈ انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے شناخت کیلئے آنے والے واٹربورڈ کے تمام ملازمین نے واٹربورڈ انتظامیہ اور شناخت کرنے والے ریونیوافسران اعلیٰ حکام سے تعاون کیا جس کے باعث شناختی عمل کیلئے اعلان کردہ شیڈول سے دو روز قبل ہی شناختی عمل خوش اسلوبی سے کافی حد تک مکمل کرلیا گیا ہے تاہم اعلان کردہ شیڈول کے مطابق 18مارچ تک کسی وجہ سے اب تک اپنی شناخت سے رہ جانے والے ملازمین تصدیقی عمل کے لئے مقررہ ریونیو افسران کے دفاتر سے تصدیق کراسکیں گے ، 18مارچ حتمی تاریخ ہوگی ۔