پشاور میں تمام نامکمل شاہراہوں کو دس دن کے اندر معیاری طور پر مکمل کیاجائے،اکبرایوب خان

پیر 16 مارچ 2015 17:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2015ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے مواصلات و تعمیر ات اکبر ایوب خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ پشاور میں تمام نامکمل شاہراہوں کو دس دن کے اندر معیاری طور پر مکمل کریں ۔ اُنہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں تاخیری حربے اور غیر معیاری کام کرنے والے افسران ، اہلکار اور دیگر متعلقہ لوگ کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔

یہ بات اُنہوں نے پشاور میں پی کے ۔ 1میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر برائے معدنیات اور ضلع پشاور کے میگا پراجیکٹس کے فوکل پرسن ضیاء اللہ آفریدی کے علاوہ مواصلات و تعمیرات کے متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ جبکہ ضیاء اللہ آفریدی نے اجلاس کو پشاور شہر کی خوبصورتی بحال کرنے اور ٹریفک کے نظام کو رواں دواں رکھنے کے لئے پشاور شہر کے شاہراہوں پر جاری ترقیاتی کاموں اور معیارکے بارے میں تفصیلی طور پر بتایا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ کے مشیر اکبر ایوب نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت عوام کی فلاح وبہبود کے لئے تمام تر اقدامات کر رہی ہے تاہم اس سلسلے میں ہم سب کی تعاون کی بھی اشد ضرورت ہے تاکہ تجاوزات کے خاتمے ، پشاور شہر کی خوبصورتی اور شہر کے سڑکوں کو اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کرنے اور کشادہ بنانے کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے پشاور شہر کے سڑکوں کے ٹینڈرز اور فنڈ کی فراہمی کے بارے میں اجلاس کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :