ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل میں آزاد میڈیا کا کلیدی کردار ہوتا ہے، محب اللہ خان

پیر 16 مارچ 2015 17:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2015ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک ،فشریز و امداد باہمی محب اللہ خان نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل میں آزاد میڈیا کا کلیدی کردار ہوتا ہے اور اسی سلسلے میں کمیونٹی ریڈیو کا کردار ایک مسلمہ حقیقت ہے جو کہ آمن کے قیام کے ساتھ تعلیم کے فروغ اور علاقائی مسائل کو اُجاگر کرنے کے لئے ایک سستا ذریعہ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر کمیونٹی ریڈیو ایف ایم 100ریڈیو سوالات کی ساتویں سالگر ہ کے موقع پر منعقدہ ایک پر وقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا ۔ معاون خصوصی نے تقریب میں ریڈیو سوات کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے خصوصی گرانٹ کا اعلان بھی کیا اور معاشرتی ترقی کیلئے براڈ کاسٹ میڈیا کے کردار پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا کہ زمانہ آمن و جنگ دونوں میں ملک کی امیج بڑھانے کے لئے ریڈیو نے زمانہ قدیم سے ایک تاریخی کردار ادا کیا ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اگر میڈیا قوم کو مثبت راہ دکھانا چاہے تو ہمارا ملک مسائل کے گرداب سے نکل کر بہت جلد ترقی حاصل کر سکتا ہے ۔ ریڈیو سوات کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ ایف ایم 100ریڈیو سوات نے علاقے میں قیام آمن ، تعلیم ، صحت بارے شعورو آگہی ، آدب اور علاقائی و مذہبی روایات کی حقیقی روح کو اُجاگر کرنے کے لئے ایک کلیدی کردار ادا کیا ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی یہ ریڈیو وادی سوات کے عوام کے لئے اپنی خدمات جوں کے توں جاری رکھے گا ۔

تقریب سے مصا لحتی کمیٹی خوازہ خیلہ کے کوارڈینیٹر محمد علی خان ایڈوکیٹ ، سٹیشن منیجر ریڈیو سوات رحیم اللہ شاہین و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں ضلع بھر کے سیاسی ادبی و سماجی شخصیات ، تاجر برادری ، سرکاری افسران ، اساتذہ و طلباء نے شرکت کی۔