دہشت گردی کا ناسور ملکی سلامتی و ترقی کیلئے خطرہ ہے ‘ طارق جاوید

پیر 16 مارچ 2015 16:39

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2015ء) فلاحی ادارے میسو گرومنگ سسٹم کا اجلاس گزشتہ روز ادارے کے ہیڈ آفس میں چےئرمین طارق جاوید کی صدارت میں منعقد ہواجس میں وائس چےئرمین فرح طارق ،اسسٹنٹ وائس چےئرمین ا نعم سعید، جنرل سیکرٹری زبیر خان ، منیجنگ ڈائریکٹر اُم رقیہ، ڈائریکٹر ایجوکیشن کومل سرفراز، ڈائریکٹر آئی ٹی فاطمہ سعید، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایجوکیشن عائشہ جاوید،ڈائریکٹر قرآنی ایجوکیشن مہوش مجید، ڈائریکٹر دستکاری کرن بشیر، ڈائریکٹر کوکنگ کرن طارق اور ڈائریکٹر ایونٹ آرگنائزر حنا مظفر سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی ۔

اجلاس کے شرکاء نے یوحنا آباد کے کیتھولک اور کرائسٹ چرچ کے قریب ہونے والے خود کش دھماکوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

فلاحی ادارے میسو گرومنگ سسٹم کے چےئر مین طارق جاوید نے دہشت گردی کے ناسور کو ملکی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر ملک و قوم کیلئے ناسور بن چکے ہیں،دہشت گردی ختم کرنے کیلئے پاک فوج ، رینجر زاور پولیس کو ہی نہیں بلکہ اب پوری قوم کو مشترکہ جدوجہد کرنی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی ،فرقہ واریت ،نفرت اور عدم برداشت کو فروغ دینے والے عناصر کا کسی بھی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قانون کی حکمرانی قائم کی جائے۔