محکمہ سیاحت خیبرپختونخوااور فرنٹیئر 4x4کلب کے زیر اہتمام چوتھی سنو جیپ ریلی کا انعقاد

پیر 16 مارچ 2015 15:11

محکمہ سیاحت خیبرپختونخوااور فرنٹیئر 4x4کلب کے زیر اہتمام چوتھی سنو ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2015ء) محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے تعاون سے حسین و خوبصورت وادی کالام میں چوتھی سنو جیپ ریلی 2015 کا انعقاد کیا جس میں ملک بھر سے 25مختلف گاڑیوں اور 4x4جیپ نے شرکت کی۔ اس موقع پر کالام کے سابقہ ناظم امیر سید مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ فرنٹیئر4x4 کلب کے صدر بابر خان یوسفزئی ، نائب صدر یاسر خان ، کلب کے بانی اسد سیٹھی ، محکمہ سیاحت کے عہدیداران، پاک آرمی اور پولیس کے نواجوانوں سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

محکمہ سیاحت خیبرپختونخوااور فرنٹیئر 4x4 کلب کے تعاون اور زیراہتمام کالام (سوات) کے شاہی گراؤنڈ پر چوتھی سنو(برف) جیپ ریلی منعقد ہوئی ۔ ریلی کیلئے گراؤنڈ پر 800میٹر پر خطرناک ٹریک بنایا گیا جس میں ریلی میں شریک تمام گاڑیوں نے برف پر دو مرتبہ تیز رفتاری سے ٹریک عبورکرکے اعلیٰ مہارت کا ثبوت دیا۔

(جاری ہے)

ریلی کے اختتام پر خیبرپختونخوا کے شاہ نواز خان نے پہلی ، محمد زیب نے دوسری اوراسد سیٹھی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اس موقع پر جیپ آف دی ایونٹ کا ایوارڈ ذوالفقار خان نے حاصل کیا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہاکہ محکمہ سیاحت اور فرنٹیئر 4x4کلب کے اس ایونٹ کے انعقاد سے سیاحت کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کیلئے تفریح کا موقع بھی میسر ہوا ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور دیگر اداروں کو ایسے ایونٹس کا انعقاد جاری رکھنا چاہیے تاکہ صوبہ میں سیاحت ترقی کرسکے ۔

صدر بابر خان نے کہاکہ فرنٹیئر کلب سال میں 5مختلف ایونٹس منعقد کرتی چلی آرہی ہے اور محکمہ سیاحت کا تعاون خوش آئند ہے ۔ ایونٹس میں سنو کراسنگ ،واٹر کراسنگ، صحرائی ریس، ہلز کلائمنگ اور ثمر کیمپ شامل ہے جو کہ صوابی ، سوات ،چولستان، چترال، کالام ،مالم جبہ ، پشاور اور نوشہرہ میں گزشتہ 5سال سے منعقد کرتے آرہے ہیں ۔ کلب کا مقصد سیاحت کے ساتھ ساتھ سیر و تفریح بھی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ریلی میں کراچی ، سوات ، کوئٹہ ، پشاور، اسلام آباد اور لاہور سے ممبران نے شرکت کی ۔ریلی کے دوران سیاحوں کے علاوہ مقامی افراد اور تماشائیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جنہوں نے اس ایونٹ کو بہت سراہا اور داد دی ۔اس موقع پر مقامی پولیس اور پاک آرمی نے ریلی میں شریک شرکاء اور ایونٹ کو سیکورٹی فراہم کی۔