حکومت زرعی شعبے کے برآمدکنندگان کو بھرپور تعاون فراہم کرے، صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس

پیر 16 مارچ 2015 13:41

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2015ء ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے روس میں زرعی اشیاء کی برآمدات کوبڑھانے کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں، پاکستان روس کو چاول سبزیاں پھل ڈیری مصنوعات اور زرعی اجناس برآمد کر سکتا ہے، حکومت زرعی شعبے کے برآمدکنندگان کو بھرپور تعاون فراہم کرے تا کہ روس کی بڑی مارکیٹ میں بہتر رسائی حاصل کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2015ء سے بات چیت کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ روس نے 2013کے دوران 43ارب ڈالر کی زرعی اشیاء درآمد کی تھی روس کی جانب سے امریکہ اور یورپ کی زرعی مصنوعات پر پابندی لگانے کے فیصلے نے پاکستان کیلئے ایک بہترین موقع پیدا کر دیا ہے کہ وہ روس میں اپنی زرعی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کیلئے کوششیں تیز کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کی سالانہ دوطرفہ تجارت 50کروڑ ڈالر سے بھی کم ہے جس میں اضافہ کرنے کی بے شمار صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روس کو چاول، سبزیاں و پھل، آلو، ڈیری مصنوعات اور سمندری خوراک سمیت متعدد زرعی مصنوعات برآمد کر سکتا ہے کیونکہ روس میں ان چیزوں کی مانگ دن بند بڑھتی جا رہی ہے۔لہذا حکومت کو چاہیے کہ وہ زرعی شعبے کے برآمدکنندگان کو ان مواقعوں سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ روس سالانہ 1.60ارب ڈالر کے مختلف قسم کے پھل درآمد کرتا ہے جس میں پاکستان کا حصہ 3فیصد سے بھی کم ہے انہوں نے کہا کہ بہتر مارکیٹنگ و پیکنگ اور ایکسپورٹرز کو سہولیات فراہم کر کے پاکستان روس میں پھلوں کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس ہر سال تقریبا 4.3ارب ڈالر کی ڈیری مصنوعات درآمد کرتا ہے جبکہ پاکستان کا شمار دودھ پیدا کرنے والے بڑے ممالک میں ہوتاہے ڈیری مصنوعات سمیت دیگر زرعی ایشاء کی ویلیو ایڈیشن کر کے پاکستان زرعی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتا ہے لہذا حکومت زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کیلئے نجی شعبے کے ساتھ تعاون کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے روس میں آلو کی برآمدات بڑھانے کے بھی وسیع مواقع موجود ہیں لہذا انہوں نے پاکستانی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ کوارنٹائن اور کوالٹی سٹینڈرڈز کو عالمی معیار کے مطابق لانے کیلئے کوششیں تیز کریں جس سے پاکستان روس اور سنٹرل ایشیاء سمیت دیگر ممالک کی طرف زرعی مصنوعات کی برآمدات میں بہتر اضافہ کر سکتا ہے انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ زرعی شعبے کے تاجروں کو روس کا دورہ کرنے میں تعاون اور سہولت فراہم کرے تا کہ وہ روس کی مارکیٹ میں پاکستان کی زرعی مصنوعات کے بارے میں پائی جانے والی صلاحیت سے پوری طرح آگاہی حاصل کر کے برآمدات کو بڑھانے کیلئے کوششیں تیز کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :