برطانوی مسافر سے 10پاؤنڈ رشوت طلب کرنے کا الزام

ایف آئی اے نے 6 کسٹم افسران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ایئرپورٹ منیجر کی سربراہی میں تعیناتی ٹیم تشکیل

پیر 16 مارچ 2015 13:40

برطانوی مسافر سے 10پاؤنڈ رشوت طلب کرنے کا الزام

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2015ء) وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) نے برطانوی مسافر سے رشوت مانگنے کے الزام میں 6 کسٹم افسران کے خلاف مقدمہ درج کر کے واقعہ کی انکوائری شروع کر دی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بات کا انکشاف برطانوی مسافر نے سوشل میڈیا پر کیا ہے برطانوی مسافر نے الزام لگایا ہے کہ ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے ان سے 10 پاؤنڈ رشوت کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر وہ انہیں 10 پاؤنڈ دے دیں تو ان کا بیگ چیک نہیں کیا جائے گا ۔

سوشل میڈیا پر واقعہ کا انکشاف ہونے کے بعد کسٹم حکام کے 6 افسران کو معطل کر کے ایئرپورٹ منیجر کی سربراہی میں اعلی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو اس معاملے کی تحقیقات کرے گی ۔ انکوائری رپورٹ مکمل ہونے سے قبل وزارت داخلہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے کو 6 افسران کے خلاف کیس درج کرنے کا حکم دے دیا ہے برطانوی مسافر جو کہ اسلام آباد سے برمنگھم براستہ دبئی سفر کر رہا تھا اس نے کسٹم حکام یا ایف آئی اے کو شکایات درج نہیں کرائی ۔

(جاری ہے)

نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ایک کسٹم اہلکار کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے رشوت کا مطالبہ کرنے والے افسر کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی جبکہ دیگر پانچ افسران نے گرفتاری سے قبل تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا ۔