اسلام آباد : قومی اسمبلی کا قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس، چوہدری نثار کی شرکت، اجلاس کو بریفنگ۔۔

پیر 16 مارچ 2015 12:01

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 16 مارچ 2015 ء) : اسلام آباد میں قومی اسمبلی کا قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چوہدری نثار نے بھی شرکت کی، اجلاس میں چوہدری نثار نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قائمہ کمیٹی میں اپنا نقطہ نظر دینا میرے لیے اعزاز کی بات ہےان کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز ہونے والا سانحہ یوحنا آباد انتہائی غیر انسانی فعل تھا.

مسیحی عبادتگاہوں پر حملے قابل مذمت ہیں. ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی سے لڑنا کوئی آسان بات نہیں ہے لیکن ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گیا.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے قانون کو اپنے ہاتھوں میں لیا انہوں نے دہشتگردی اور دشمنوں کے ایجنڈہ کو آگے بڑھنے میں مدد دی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر دہشت گردی گذشتہ 15 سال سے مسلط ہے لیکن دہشت گردوں کو کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے ہم نے دہشت گردوں کے لیے زمین کافی تنگ کر دی ہے کیونکہ انہوں نے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے.

انہوں نے اجلاس میں کہا کہ وزرات کی گذشتہ برس کی کار کردگی کی رپورٹ کمیٹی کو پیش کروں گا. حالات میں بہتری آئی ہے لیکن مزید بھی متوقع ہے. بریفنگ کے دوران چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ہمیں سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر سوچنا ہے اور اس سوچ کے ذریعے امن ممکن ہے. ہم دہشت گردی کے خلاف ایک جنگ لڑ رہے ہیں لیکن یاد رہے کہ جنگ میں دونوں اطراف کو نقصان ہوتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے وزارت کا عہدہ سنبھالا اور کئی واقعات کی تحقیقات کا سوچا تو مجھے پتہ چلا کہ بہت سے اہم کاغذات کی فائلز اور ریکارڈ سالہا سال سے موجود نہیں تھا، جس پر کسی نے کوئی نوٹس نہیں لیا، ان کا کہنا تھا کہ اس کو درست کرنے کے لیے میں نے تمام ڈیٹا ڈیجیٹل کرنے کا سوچا ہے لیکن مجھے یہ بتانے میں کوئی عار نہیں ہے کہ ایسا تاحال نہیں ہو سکا کیونکہ منسٹری کے اندر کے لوگ نہیں چاہتے کہ ایسا ہو ، ایسا کرنے سے تمام غیر قانونی کاموں سے پردے ہٹ جائیں گے.

لیکن اس کے لیے میں نے ذاتی طور پر تمام اداروں سے رابطہ کیا ہے جس کے لیے میں نے خود نادرا کو بھی انوالو کیا ہے. وزارت داخلہ اس کے علاوہ بھی مختلف شعبوں پر کام کر رہی ہے دہشت گردی کا مقصد محض پاکستان کو کمزور بنا کر تقسیم کرنا ہے.