پرویز مشرف نے موجودہ ملکی و سیاسی حالات کے پیش نظر آل پاکستان مسلم لیگ کی سی ای سی اور سی ڈبلیو سی کا اہم ہنگامی اجلاس 22/23مارچ کو کراچی میں طلب کر لیا ،موجودہ حکومت اور اپوزیشن کے مک مکا نے قوم کو مزید مایوس کر دیا ہے‘پرویز مشرف

اتوار 15 مارچ 2015 19:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مارچ۔2015ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے چئیرمین اور سابق صدر سید پرویز مشرف نے موجودہ ملکی و سیاسی حالات کے پیش نظر آل پاکستان مسلم لیگ کی CECاور CWCکا اہم ہنگامی اجلاس 22/23مارچ کو کراچی میں طلب کر لیا ہے۔ جس میں ملکی اور غیر ملکی اے پی ایم ایل کے CECاور CWC کے ممبران شرکت کریں گے۔ اسی سلسلے میں سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد پچھلے ایک ماہ سے ملکی اور غیر ملکی دوروں پر ہیں جس میں کینیڈا، یوکے، یو اے ای، امریکہ اور دیگر ممالک شامل ہیں۔

سید پرویز مشرف نے ڈاکٹر امجد کو ہدایات دی ہیں کہ CECاور CWC کو کامیاب بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ملکی اور غیر ملکی دورے کریں۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں گلگت بلتستان کنونشن، خواتین کنونشن، لاہور میں یوتھ کنونشن کے علاوہ جنوبی پنجاب اور ملک کے دیگر شہروں میں بھی کنونشن منعقد کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف نے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت اور اپوزیشن کے مک مکا نے قوم کو مزید مایوس کر دیا ہے، کاش کہ یہ حکومت اور اپوزیشن اپنے مفادات کی بجائے قومی مفادات کی پالیسی اپناتے اور انرجی، مہنگائی، بے روزگاری اور بد امنی کو کنٹرول کرتے۔

ملک میں جاری افراتفری، لاقانونیت، بیروزگاری موجودہ حکومت کا منہ چڑھا رہی ہے سوائے حکومت بچانے کے موجودہ حکومت نے کوئی کارنامہ سر انجام نہیں دیا۔یاد رہے پچھلے چند دنوں میں پرویز مشرف سے چند اہم شخصیات نے سیاسی ملاقاتیں کی ہیں اور انہیں آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت اور اتحاد کا عندیہ دیا ہے ۔ پرویز مشرف نے مزید کہا کہ موجودہ مک مکا ٹیم سے قوم کو نجات دلانے کے لیے تیسرا مضبوط سیاسی اتحاد ضروری ہے جس کے لیے مسلم لیگ کے تمام دھڑوں کا آپس میں یکجا ہونا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔

مسلم لیگی دھڑوں کے علاوہ دوسری سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھی پرویز مشرف کو مستقبل کا لیڈر قرار دیتے ہوئے پاکستانی سیاست میں اہم کردار ادا کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ یا د رہے رواں ماہ 22اور23مارچ کو آل پاکستان مسلم لیگ کی CECاور CWC کا اہم اجلاس کراچی میں منعقد ہوگا۔ پرویز مشرف نے یوحنا آباد لاہور میں مسیحی برادری کے چرچ پر ہونیوالے خود کش حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے اور اسے حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتنی اہم اور حساس جگہ پر سیکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات موجود نہ تھے۔