افغانستان سے تعلقات میں ماضی کے مقابلے میں بہترہیں،کورکمانڈر،

قبائلی علاقوں سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کردیا گیا ہے،دہشت گردکسی بھی نام سے ہو،خاتمہ یقینی بنائیں گے،کورکمانڈرپشاورلیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن

ہفتہ 14 مارچ 2015 22:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن نے کہا ہے کہ افغانستان سے تعلقات میں ماضی کے مقابلے میں بہتری آئی ہے۔ قبائلی علاقوں سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔ سکیورٹی ادارے ملک میں داعش کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ دہشت گرد دہشت گرد ہے چاہے وہ کسی بھی نام سے موجود ہو۔

گورنر ہاؤس میں فاٹا کے آئی ڈی پیز کی واپسی کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں خیالات کااظہار کرتے ہوئے کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن کا کہنا تھا کہ افغانستان میں چھپے پاکستان کو مطلوب دہشت گردوں کے صفائے کے لئے افغان حکومت کے تعاون کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ افغانستان کے ساتھ تعلقات ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر ہیں۔

(جاری ہے)

کورکمانڈرنے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کو شمالی وزیرستان تک محدود رکھنے کی سوچ درست نہیں۔ اسکا دائرہ کار پورے ملک تک پھیلاہوا ہے۔ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے عوام کے تعاون کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی ادارے ملک میں داعش کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ دہشت گرد دہشت گرد ہے چاہے وہ کسی بھی نام سے موجود ہو۔لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن نے مزید کہا کہا قبائلیوں کی اپنے علاقوں کو واپسی کے لئے باعزت طریقہ کار اپنایا جائے گا۔ آپریشن سے متاثرہ علاقوں میں ہر طرح کی سہولیات یقینی بنانے کے عمل پر کام جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :