اسلام آباد ، سیشن کورٹ نے غازی رشید قتل کیس میں مشرف کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے،عدالتی حکم پر عملدرآمد کیلئے پولیس کی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل،

انسپکٹرز رینک کے آفیسر کو کراچی بھیج کر ایک لاکھ روپے مچلکے کے عوض تعمیل حکم کرائی جائے گی ، اعلیٰ پولیس آفیسر کی گفتگو

ہفتہ 14 مارچ 2015 21:36

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء ) اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ، عدالتی حکم پر عملدرآمد کیلئے پولیس کی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز غازی عبدالرشید قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے پیش نہ ہونے پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج واجد علی نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف نے مچلکہ ضمانت جمع نہیں کرائے اگر وہ پیش نہیں ہوتے تو گرفتار کرکے پیش کیا جائے ۔

(جاری ہے)

مشرف کے وارنٹ گرفتاری تھانہ آبپارہ پولیس کو موصول ہوگئے ہیں جس کے بعد پولیس کی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو تمام امور کا جائزہ لینے کے بعد عدالتی حکم پر عملدرآمد کا فیصلہ کرے ۔دریں اثناء اسلام آباد پولیس کے ایک اعلیٰ آفیسر نے آن لائن کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انسپکٹرز رینک کے آفیسر کو کراچی بھیج کر ایک لاکھ روپے مچلکے کے عوض تعمیل حکم کرائی جائے گی دفعہ قابل ضمانت ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف پر لاگئی جانے والی دفعہ قابل ضمانت ہے جبکہ عدالتی حکم کے تحت انسپکٹرز رینک کے افسر کو کراچی بھیج کر ایک لاکھ روپے مچلکے کے عوض تعمیل حکم کرائی جائے گی۔